بھارت کے مسافر طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو جانے کا انکشاف

بھارت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 22 جون کو امرتسر کی فضائی حدود میں پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کر دی

muhammad ali محمد علی بدھ 24 جون 2026 21:56

بھارت کے مسافر طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو جانے کا انکشاف
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2026ء) بھارت کے مسافر طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو جانے کا انکشاف، بھارت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 22 جون کو امرتسر کی فضائی حدود میں پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پابندی کے باوجود بھارت کا ایک مسافر طیارہ بنا اجازت کے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔

  اس حوالے سے ائیر انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ "22 جون کو دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز AI479 کو آپریٹ کرنے والے عملے نے امرتسر ہوائی اڈے پر طیارے کو اتارنے کی ناکام کوشش کے بعد دوبارہ اڑان بھرنے کے عمل کے دوران معمولی طور پر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ اس واقعے کی رپورٹ ریگولیٹری حکام کو دے دی گئی ہے اور اندرونی طور پر اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

" جبکہ اس حوالےسے بھارت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "22 جون 2026 کو ایئر انڈیا کے ایئربس 321 طیارے (رجسٹریشن نمبر VT-PPV)، جو فلائٹ AI 479 (دہلی تا امرتسر) آپریٹ کر رہا تھا، کو لینڈنگ کے لیے پہنچنے کے دوران ہولڈ کرنے (فضا میں چکر کاٹنے) کے لیے کہا گیا کیونکہ پرندے کے ٹکرانے کے واقعے کے بعد رن وے کا معائنہ جاری تھا۔ جب طیارے نے راڈار ویکٹرنگ کے دوران دوبارہ لینڈنگ کی کوشش شروع کی تو وہ مختصر طور پر پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔

اس واقعے پر پاکستان اے ٹی سی (ایئر ٹریفک کنٹرول) حکام کے ساتھ ہم آہنگی کی گئی تھی۔ طیارہ آخر کار واپس دہلی موڑ دیا گیا اور وہاں باحفاظت لینڈ کر گیا۔ واقعے کی اطلاع نہ دینے پر امرتسر کے متعلقہ ایئر ٹریفک کنٹرولر اور آپریٹنگ عملے کے خلاف عبوری کارروائی کی گئی ہے۔"