سی زون سندھ اسپورٹس گالا ٹینس کوچنگ کیمپ کا انعقاد،ٹینس اسٹار عقیل خان کی خصوصی شرکت

بدھ 1 جولائی 2026 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2026ء) نیو ایرا کری ایشن نے کراچی ٹینس ایسوسی ایشن(ضلع ملیر)کے اشتراک سے 30 جون کو فالکن اسپورٹس کمپلیکس، نیو ملیر کراچی میں مرد و خواتین کے ایڈوانس اور انٹرمیڈیٹ سطح کے ٹینس کھلاڑیوں کے لیے ایک خصوصی ٹینس کوچنگ کیمپ کا انعقاد کیا۔اس پروگرام کے اسپانسر سی زون تھے، جو ملک کی پہلی اور ممتاز سی فوڈ ریٹیل چین ہے۔

پاکستان کے لیجنڈری ٹینس اسٹار عقیل خان نے پشاور سے آئے ہوئے مہمان کوچ محمود خان کے ہمراہ 30 سے زائد مرد و خواتین شرکا کو عملی تربیت فراہم کی۔سی زون کے چیف ایگزیکٹو ریحان حسنین تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ فالکن اسپورٹس کمپلیکس کے منیجر شجاع الدین اور کراچی ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر و ایونٹ کوآرڈینیٹر سید یوسف مہمانانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

دو گھنٹے پر مشتمل تربیتی سیشن کے اختتام پر شرکا میں اسنادِ شرکت تقسیم کی گئیں۔کراچی ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر محمد خالد رحمانی نے ٹینس کے فروغ میں تعاون پر سی زون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اعلی معیار کے کوچنگ کیمپ کے علاوہ سی زون، یونین کلب کراچی میں 4 جولائی سے شروع ہونے والے یونین کلب فرسٹ سی زون سندھ رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ کی بھی اسپانسرشپ کر رہا ہے۔

انہوں نے ایونٹ کوآرڈینیٹر سید یوسف کی کاوشوں اور فالکن اسپورٹس کمپلیکس کی انتظامیہ کے تعاون کو بھی سراہا۔تقریب میں آئی پی ایچ کے سید عباد علی، عشرت زہرہ، امبر نذیر، سرور حسین، شعبان، فرح ریاض اور کراچی ٹینس ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران کے علاوہ والدین اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے ٹینس شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سی زون کے چیف ایگزیکٹو ریحان حسنین نے اس موقع پر بتایا کہ فرسٹ سندھ اسپورٹس گالا 2026 کے تحت آئندہ ہفتوں میں مختلف کھیلوں کی مزید صحت مند سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو ایرا کری ایشن، جو ایک معروف ایونٹ مینجمنٹ ادارہ ہے، اس منصوبے کا ایونٹ پارٹنر ہوگا۔نیو ایرا کری ایشن کے صدر سید جاوید اقبال نے اعلان کیا کہ جلد ہی اسپورٹس گالا کی آئندہ سرگرمیوں اور شاندار اختتامی تقریب کے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔

فالکن اسپورٹس کمپلیکس کے منیجر شجاع الدین نے مہمانِ خصوصی اور تمام شرکا کا خیرمقدم کیا اورعقیل خان کو کلب کی اعزازی رکنیت پیش کی۔ انہوں نے کراچی ٹینس ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ فالکن اسپورٹس کمپلیکس مستقبل میں بھی ایسی صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے اپنی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔اسناد کی تقسیم کی تقریب سے سید یوسف، عقیل خان اور محمود خان نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فالکن اسپورٹس کمپلیکس کے ٹینس کورٹس عالمی معیار کی سہولت رکھتے ہیں اور مناسب اسپانسرشپ کی فراہمی پر کراچی ٹینس ایسوسی ایشن یہاں قومی سطح کی چیمپئن شپس منعقد کروا سکتی ہے۔