نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی سے مختلف وفود کی ملاقات، عوامی مسائل پر گفتگو

ہفتہ 4 جولائی 2026 21:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی سے حلقہ این اے-264 سریاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود نے سراوان ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفود نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش عوامی مسائل، بالخصوص ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، سیوریج نظام کی خرابی اور پینے کے صاف پانی کی شدید قلت سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اس موقع پر علاقے کے نوجوانوں، کھلاڑیوں اور اسپورٹس سے وابستہ افراد نے بھی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی سے ملاقات کی اور کھیلوں کے فروغ، گراؤنڈز کی بحالی، نوجوانوں کے لیے جدید اسپورٹس سہولیات کی فراہمی، ٹورنامنٹس کے انعقاد اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کے حوالے سے اپنے مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے وفود اور نوجوانوں کے مسائل کو توجہ سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے-264 کے تمام علاقوں میں سڑکوں، سیوریج اور صاف پانی کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے مؤثر انداز میں رابطہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، اس لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔