محکمہ ایریگیشن کے ملازمین کا سب سے بڑا مسئلہ سرکاری رہائشی کوارٹرز کی عدم دستیابی ہے، غلام قادر زہری

اتوار 12 جولائی 2026 20:35

ی*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2026ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (اے پی سی ای)ایریگیشن یونٹ کے صدر غلام قادر زہری کی قیادت میں تنظیم کے نومنتخب کابینہ کے وفد نے سیکرٹری ایریگیشن حکومت بلوچستان سہیل الرحمن بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد میں جنرل سیکرٹری بسم اللہ خان کاکڑ، کاشف مگسی، ماسٹر عبدالرزاق، ظفر بازی، محمد انور، مشتاق احمد، عبدالمالک ناصر اور عبدالغفور لانگو شامل تھے۔

ملاقات کے دوران صدر غلام قادر زہری نے اے پی سی اے ایریگیشن یونٹ کی نومنتخب کابینہ کا نوٹیفکیشن سیکرٹری ایریگیشن کو پیش کیا۔ سیکرٹری سہیل الرحمن بلوچ نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ تنظیم ملازمین کی فلاح و بہبود اور ادارے کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر غلام قادر زہری نے سیکرٹری ایریگیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایریگیشن کے ملازمین کا سب سے بڑا مسئلہ سرکاری رہائشی کوارٹرز کی عدم دستیابی ہے۔

انہوں نے سیکرٹری ایریگیشن سے درخواست کی کہ ملازمین کے لیے کوارٹرز کی تعمیر کے منصوبے کو جلد عملی شکل دی جائے۔صدر غلام قادر زہری، جنرل سیکرٹری بسم اللہ خان کاکڑ اور نائب صدر کاشف مگسی نے سیکرٹری ایریگیشن کو کوارٹرز منصوبے سے متعلق تفصیلی تجویز بھی پیش کی۔سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمن بلوچ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ کوارٹرز منصوبے کی تجویز کو فنانس ڈیپارٹمنٹ سے منظوری دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ملازمین کو جلد خوشخبری مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کے ملازمین کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔آخر میں صدر غلام قادر زہری نے سیکرٹری ایریگیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے ماضی میں بھی ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل میں تعاون کیا، انہیں یقین ہے کہ آئندہ بھی وہ اسی جذبے کے ساتھ ملازمین کی بھرپور معاونت کرتے رہیں گے۔