پی سی بی نے شاہین آفریدی کو این او سی جاری کر دیا

فاسٹ بولر کل سری لنکا روانہ ہوں گے جہاں وہ لنکا پریمئر لیگ میں کینڈی رائلز کی نمائندگی کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 جولائی 2026 11:44

پی سی بی نے شاہین آفریدی کو این او سی جاری کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جولائی 2026ء )  قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو لنکا پریمئر لیگ (ایل پی ایل) میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے این او سی جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کل سری لنکا روانہ ہوں گے جہاں وہ لنکا پریمئر لیگ میں کینڈی رائلز کی نمائندگی کریں گے۔ 
شاہین آفریدی اس سے قبل لاہور میں جاری قومی ٹیم کے وائٹ بال کیمپ کا حصہ تھے۔

این او سی ملنے کے بعد وہ لیگ میں شرکت کے لیے کیمپ چھوڑ کر سری لنکا روانہ ہوں گے۔ 
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی لنکا پریمئر لیگ میں کینڈی رائلز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے گلوبل سپر لیگ 2026ء میں شرکت کے لیے 13 پاکستانی کرکٹرز کو این او سی جاری کیے تھے۔

(جاری ہے)

این او سی میں تمام کھلاڑیوں کو 23 جولائی سے یکم اگست 2026ء تک لیگ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

 
کھلاڑیوں میں محمد حارث، شاہاب خان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، محمد فاروق، فرحان یوسف، شامل حسین، مہران ممتاز، عثمان خان، علی شبیر، محمد عمران، محمد باسط اور خلیل احمد شامل ہیں۔ 
بورڈ کا کہنا ہے کہ گلوبل سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن ویسٹ انڈیز کے شہر گیانا میں واقع پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دنیا بھر کی پانچ فرنچائزز ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

 
پی سی بی کے مطابق این او سی جاری کرنے کا مقصد قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی لیگز میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینا ہے۔ 
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی لاہور قلندرز کریں گے جب کہ میزبان ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیانا ایمیزون واریئرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔