پاکستاسن کے آئی ٹی کے شعبے نے برآمدات میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی

مالی سال 26-2025 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ریکارڈ 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

منگل 14 جولائی 2026 17:19

پاکستاسن کے آئی ٹی کے شعبے نے برآمدات میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2026ء) پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے نے برآمدات میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈیوں تک پاکستانی آئی ٹی شعبے کی وسیع رسائی کے باعث برآمدات اور ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔مالی سال 26-2025 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ریکارڈ 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے 3.475 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 29 فیصد زیادہ ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں اس شاندار اضافے کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، بزنس پراسیس آؤٹ سورسنگ (BPO)، سافٹ ویئر بطور سروس (SaaS) اور گیمنگ کے شعبوں میں ہونے والی غیر معمولی ترقی سے بڑی مدد ملی ہے۔پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے روایتی منڈیوں سے ہٹ کر جاپان اور سنگاپور سمیت ایشیا پیسیفک کی نئی مارکیٹوں میں اپنی رسائی بڑھائی ہے، جس سے برآمدی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے ٹیک اداروں (SMEs) کی نئی عالمی مارکیٹس میں توسیع نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔معاشی و کاروباری ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈیجیٹل سروسز کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب اور نئی مارکیٹوں میں پیش رفت ہی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔ پاکستان کی آئی ٹی اور ڈیجیٹل سروسز میں یہ شاندار پیش رفت عالمی منڈیوں میں ملکی برانڈ پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور مضبوط ہوتے ہوئے بین الاقوامی معاشی روابط کی واضح عکاس ہے۔