امریکہ کی آزادی سالگرہ پر پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، عاطف اکرام شیخ

جمعرات 16 جولائی 2026 19:50

امریکہ کی  آزادی سالگرہ پر پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کا تاریخی موقع پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور عوامی روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔وہ ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے حکومتِ امریکہ اور امریکی عوام کو اس تاریخی سنگِ میل پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور اقتصادی تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی برآمدات کے لیے سب سے بڑی واحد ملکی منڈی ہے ، 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم تقریبا 8.7 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا، جو تجارتی تعاون کے وسیع امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی،جدید مینوفیکچرنگ، زراعت، صحت، اہم معدنیات اور ڈیجیٹل سروسز ایسے شعبے ہیں جہاں امریکی سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں پالیسیوں میں تسلسل، ریگولیٹری اصلاحات، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری کے بہتر تحفظ کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کی مکمل استعداد سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر لاہور میں امریکہ کے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے تقریب کے انعقاد پر ایف پی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان و امریکہ کے درمیان دوستی اور پائیدار شراکت داری کی علامت کے طور پر ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں پودا بھی لگایا۔انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی بنیاد اور یہ تقریب تعاون کو فروغ دینے، باہمی روابط مضبوط بنانے اور پاکستان و امریکہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا بہترین موقع ہے۔

مسٹر سینڈرز نے پاکستان کے نجی شعبے کی موثر آواز کے طور پر ایف پی سی سی آئی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یو ایس کمرشل سروس دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی آئی کی تمام کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر ذکی اعجاز اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی) کے سرپرستِ اعلی ایس ایم تنویر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی رہے گی اور تجارتی وفود، سرمایہ کاری فورمز، بزنس ٹو بزنس روابط و اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے اپنے اختتامی کلمات میں اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کا اگلا مرحلہ تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور عوامی روابط کے مضبوط ستونوں پر استوار ہوگا، جو دونوں ممالک کے لیے مشترکہ خوشحالی، پائیدار اقتصادی تعاون اور دیرپا شراکت داری کی نئی راہیں کھولے گا۔