سی سی پی او پشاور سے فیڈرل یوتھ پارلیمنٹیرین کے وفد کی ملاقات

جمعہ 17 جولائی 2026 13:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2026ء) سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد سے فیڈرل یوتھ پارلیمنٹیرین کے وفد نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں ملاقات کی۔ ترجمان کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق ملاقات کے دوران سی سی پی او پشاور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کےلئے ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے قبضہ مافیا، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، سود خوری،ہوائی فائرنگ، غیر قانونی اسلحہ کی نمائش ، منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف پشاور پولیس کی جاری کارروائیوں سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں نوجوانوں کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن کے مطابق پولیس اصلاحات کے تحت پولیس سہولت مراکز، سیف سٹی پراجیکٹ، پینک بٹن سسٹم، جینڈر ڈیسک، ڈرون ، اینٹی ڈرون سسٹم ، اینٹی ڈرون گنز ٹیکنالوجی، ڈی آر سیز ، کھلی کچہریوں اور آن لائن کمپلینٹ سیل سمیت عوامی سہولت کے مختلف منصوبوں پر بھی سی سی پی او نے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سی سی پی او پشاور نے کہا کہ محکمہ پولیس میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کرپشن کے خلاف موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایف آئی آر کے بروقت اندراج اور شفاف تفتیش کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم، مشکوک گاڑیوں، کالے شیشوں اور پولیس لائٹس کے غیر قانونی استعمال کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔فیڈرل یوتھ پارلیمنٹرین کے نمائندہ وفد نے پشاور پولیس کی کارکردگی اور امن و امان کے قیام کے لیے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے جرائم کی روک تھام، منشیات کے خلاف آگاہی اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔