سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی کارروائی، انتہائی مطلوب اور حلیہ بدلنے کا ماہر خارجی کمانڈر ہلاک

ہلاک خارجی سی ٹی ڈی کے شہید کانسٹیبل محمد علی کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دیگر مقدمات میں مطلوب تھا، ترجمان

اتوار 19 جولائی 2026 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2026ء) انسداد دہشت گردی فورس نے ایک کارروائی میں مطلوب خارجی کمانڈر کو ہلاک کردیا۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے ٹیکنیکل ٹیم کے ذریعے مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر مطلوب خارجی دہشت گرد خالد عرف کمانڈر ولد سدو زئی عرف الو زئی کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کیا۔ ترجمان کے مطابق ہلاک خارجی سی ٹی ڈی کے شہید کانسٹیبل محمد علی کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔

مصدقہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیم نے 18 جولائی 2026 کی علی الصبح ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان روڈ، کورائی کے مقام پر ایک ٹارگٹڈ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا۔ کاروائی کے دوران دہشت گرد کو گھیرے میں لے کر متعدد بار ہتھیار ڈالنے کا الٹی میٹم دیا گیا اور اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اس نے سرنڈر کرنے کے بجائے سی ٹی ڈی ٹیم پر بے فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

دہشت گرد کی فائرنگ پر سی ٹی ڈی نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں خارجی خالد عرف کمانڈر ہلاک ہو گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک خارجی نے 17 مارچ 2025 کو کانسٹیبل محمد علی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر شہید کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ لوکل پولیس کو بھی متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔اعلامیے کے مطابق ہلاک دہشت گردی اپنی اصل شناخت چھپا کر، روپ بدل کر نقل و حرکت کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے میں مہارت رکھتا تھا۔

ہلاک دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی ذاکر کوچی کاروان گروپ سے تھا۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے سہولت کاروں، مالی معاونین، لاجسٹک سپورٹرز اور معاون نیٹ ورکس کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک عدد نائن ایم ایم پستول، ایک عدد ہینڈ گرینیڈ اور ایک عدد اسمارٹ فون برآمد ہوا، جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔