بندرگاہوں کو اقتصادی راہداریوں سے مؤثر انداز میں جوڑیں گے، جنید انوار چوہدری

حکومت پاکستان بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی، پائیدار انفراسٹرکچر کے فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پرعزم ہے،سی پیک سے منسلک ٹرانسپورٹ منصوبوں پر بحری امور کے وفاقی وزیر کی چینی کمپنی سے بات چیت

جمعرات 23 جولائی 2026 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2026ء) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اپنے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بحری رابطوں اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ریلوے الیکٹریفکیشن، بندرگاہوں کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے، لاجسٹکس انفراسٹرکچر، اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت علاقائی تجارت کے فروغ سے متعلق مختلف منصوبوں پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ چین کی صفِ اول کی انجینئرنگ کمپنیوں کے ساتھ اشتراک سے پاکستان کی بندرگاہوں کو اندرونِ ملک اقتصادی راہداریوں سے جوڑنے کے لیے جدید، مؤثر اور پائیدار ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی ترقی ممکن ہوگی، جس سے تجارتی مسابقت میں اضافہ اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی، پائیدار انفراسٹرکچر کے فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر ای ای بی کی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جدید انجینئرنگ حل اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے ملک کے انفراسٹرکچر کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں فریقوں نے ریلوے الیکٹریفکیشن، پورٹ لاجسٹکس اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز کے ترجیحی منصوبوں پر ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے لی لی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع اور ممکنہ انفراسٹرکچر منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ لی لی نے دعوت قبول کرتے ہوئے پاکستان میں کمپنی کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔