جموں و کشمیر، سیاسی رہنمائوں کا جبری انتقامی کارروائیوں کے خلاف انتباہ

جمعہ 24 جولائی 2026 15:42

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں سیاسی رہنمائوں نے انتقامی کارروائیوں کے خلاف خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی حمایت کے بغیر جاری جموں وکشمیر کی بدترین صورتحال کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے سرینگر میں ایک بیان میں گزشتہ سال پہلگام واقعے کے بعد مکانات کو منہدم کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس وقت مودی حکومت کواس کارروائی سے روکنے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مکانات کو منہدم کرنا یا ہزاروں افراد کو گرفتار کرنے سے جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کو بہتر نہیں کیاجاسکتا۔ درحقیقت اس سے صورتحال مزید خراب ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے بھارت کے خلاف عوام کا غم و غصہ مزید بڑھے گا۔

نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے ایکس پر پوسٹ میں کہاہے کہ پورے جموں و کشمیر میں 24 گھنٹوں میں 3,000 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیاہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے پولیس آپریشن کے دوران دو رہائشی مکانات کو منہدم کیے جانے پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ ان میں سے ایک گھر کو پہلے افواج کی طرف سے منہدم کیے جانے کے صرف مہینوں بعد دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ نے قانونی عمل کے بغیر املاک مسمار کرنے کی کارروائی کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔جموں و کشمیر کی صورتحال میں بہتری کے سرکاری دعوئوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک دن میں 3,000 افراد کی گرفتاری اوردو مکانوں کو دھماکے سے اڑانا دونوں باتیں درست نہیں ہو سکتیں۔پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے دو رہائشی مکانات کے انہدام پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے اجتماعی سزا قرار دیا۔

انہوں نے پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں افراد کو حراست میں لینا اور مکانات کو منہدم کرنا اجتماعی سزا ہے جس کا جمہوریت میں کوئی تصور نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت کادعوی ہے کہ عسکریت پسندی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے تو اسے انتقامی کارروائیوں کی بجائے مزید انسانی اور قانونی طریقہ اپنانا چاہیے۔