گلگت میں پہلی بار غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کا انکشاف، گودام سیل

ہفتہ 1 اگست 2026 18:59

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2026ء) گلگت میں پہلی بار کسی غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی جانب سے غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی بی شاہد حسین کی ہدایت پر مانسہرہ اور گلگت میں چھاپے مارے گئے۔ذرائع نے بتایاکہ گلگت کے علاقے جگلوٹ میں کارروائی کے دوران غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کا گودام سیل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں سگریٹ بنانے کی مشینری اور خام مال برآمد کیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس غیر قانونی فیکٹری میں رائل ٹوبیکو کمپنی کا چیمپئن سگریٹ برانڈ تیار کیا جا رہا تھا، کارروائی کے دوران فیکٹری کا تمام ریکارڈ بھی اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔چیئرمین پی ٹی بی نے واضح کیا کہ غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور غیر قانونی سگریٹ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کا سلسلہ جاری رہے گا۔