پاکستان انڈر۔21 ہاکی ٹیم نے عمان کی سینئر قومی ہاکی ٹیم کو 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے مقابلے میں 4۔3 سے شکست دے دی

ہفتہ 1 اگست 2026 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2026ء) پاکستان انڈر۔21 ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کی سینئر قومی ہاکی ٹیم کو 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے مقابلے میں 4۔3 سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی قومی جونیئر ٹیم نے سیریز میں 0۔3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز دو میچز قبل ہی اپنے نام کر لی ہے۔

پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی نے جونیئر قومی ٹیم کو سیریز کی شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی ۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پاکستان جونیئرز نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے مستحکم دفاع اور جارحانہ اٹیک کے ساتھ عمان کی سینئر ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ پاکستان کی جانب سے مصطفیٰ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 فیلڈ گول اسکور کیے، جبکہ عبداللہ نے پینلٹی اسٹروک پر اور احمد نے ایک فیلڈ گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

عمان کی جانب سے البرہان نے پینلٹی اسٹروکس پر 2 اور عمر بن حمد نے 1 فیلڈ گول اسکور کیا۔ پاکستان انڈر۔21 ٹیم کی مسلسل تیسری کامیابی کے بعد سیریز اپنے نام ہو چکی ہے، جبکہ بقایا 2 میچز جونیئر کھلاڑیوں کو مزید بین الاقوامی ایکسپوژر اور آنے والے ایونٹس کی تیاری کا بہترین موقع فراہم کریں گے۔