شہبازشریف استعفیٰ دے کر بڑی اصلاحات کیلئے راستہ ہموار کریں، فواد چوہدری

ویسے بھی اپنے ہی وزراء کے توہین آمیز بیانات کے بعد ان کی حیثیت ایک ڈمی وزیراعظم سے زیادہ نہیں رہی؛ سابق وفاقی وزیر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 3 اگست 2026 11:30

شہبازشریف استعفیٰ دے کر بڑی اصلاحات کیلئے راستہ ہموار کریں، فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2026ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام، سیاسی اصلاحات، قومی حکومت اور موجودہ سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام اس لیے بھی اہم ہے تاکہ سیاسی طاقت دو تین خاندانوں سے نکل کر عوام کے ہاتھ میں منتقل ہو سکے۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس بننا اس لئے بھی اہم ہے کہ سیاسی طاقت دو تین خاندانوں سے نکل کر عوام کے ہاتھ میں جائےگی، پاکستان میں جمہوریت کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ سیاسی جماعتوں کا کوئی سٹرکچر نہ ہونا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب 15 یا 17 وزراء اعلیٰ ہوں گے تو سیاسی جماعتیں ایک سٹرکچر میں جمہوری ہوں گی، کسی ایک کیلئے فیصلے مشکل ہوں گے، اس لیے میری ذاتی رائے میں نئے انتظامی یونٹس بننا اہم ترین ریفارم ہے لیکن اس کیلئے لازمی طور پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا، کیوں کہ یہ صرف ایک قومی حکومت کے تحت گرینڈ ڈائیلاگ کے ذریعے ممکن ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف استعفیٰ دے کر ان بڑی اصلاحات کیلئے راستہ ہموار کریں، ویسے بھی اپنے ہی وزراء کے توہین آمیز بیانات کے بعد ان کی حیثیت ایک ڈمی وزیر اعظم سے زیادہ نہیں رہی۔