پاکستان ٹوبیکو بورڈ کا اجلاس ،تمباکو کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ، احتجاج کا عندیہ

منگل 4 اگست 2026 19:35

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2026ء) پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے چیئرمین، سیکرٹری، بورڈ ممبران اور خیبر پختونخوا کے تمباکو کاشتکاروں کے نمائندوں کے مشترکہ اجلاس میں کاشتکاروں کو درپیش مسائل، خریداری کے نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں، گریڈنگ سسٹم، سرکاری نرخوں اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ تمباکو کاشتکار بڑی اور چھوٹی کمپنیوں، بعض ڈیلرز اور غیر شفاف خریداری نظام کے باعث مسلسل معاشی استحصال کا شکار ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ منظور شدہ گریڈنگ سسٹم، سرکاری نرخوں اور قواعد پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے سے کاشتکاروں کو ہر سال بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔کاشتکاروں کی نمائندگی پختونخوا کاشتکار جرگہ کے صوبائی صدر محمد علی ڈاگیوال، ضلعی صدر اختر یوسف اور ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما مسعود جبار نے کی۔

(جاری ہے)

نمائندوں نے خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں، غیر منصفانہ گریڈنگ، ڈیلرز کے رویے اور کمپنیوں کی پالیسیوں سے متعلق تحفظات بورڈ کے سامنے رکھے۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے منظور شدہ گریڈنگ سسٹم، سرکاری نرخوں اور قواعد و ضوابط پر بلاامتیاز عمل درآمد یقینی بنائے، جبکہ تمام تمباکو کمپنیوں اور ڈیلرز کو بھی ان قوانین کا پابند بنایا جائے تاکہ خریداری کا عمل شفاف، منصفانہ اور کاشتکار دوست بنایا جا سکے۔

شرکا نے مطالبہ کیا کہ تمباکو کی خریداری سے متعلق تمام شکایات کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں خبردار کیا گیا کہ اگر متعلقہ اداروں، کمپنیوں اور ڈیلرز نے قوانین پر عمل درآمد اور شفاف خریداری کو یقینی نہ بنایا تو ایکشن کمیٹی اور پختونخوا کاشتکار جرگہ ٹوبیکو بورڈ کے دفتر کے سامنے پرامن احتجاج کریں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر ہوگی۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمباکو کاشتکاروں کے حقوق، عزتِ نفس اور معاشی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کے جائز حقوق کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔