وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر تاریخی ’’ہفتہ اقلیت‘‘ کا شاندار آغاز

جمعہ 7 اگست 2026 21:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت کے زیر اہتمام اقلیتوں کے دن کے سلسلہ میں ایک روزہ تقریب کے بجائے ’’ہفتہ اقلیت‘‘ کا باقاعدہ آغاز بین المذاہب ہم آہنگی کی شاندار ریلی سے کیا گیا۔ہفتہ اقلیت7 سے11 اگست تک جاری رہے گا،جس کے دوران صوبہ بھر میں مختلف مذہبی،سماجی اور ثقافتی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب پریسبیٹیرین چرچ نولکھا،لاہور میں منعقد ہوئی،جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت میں مذہبی ہم آہنگی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ریلی میں پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر،اراکین پنجاب اسمبلی اعجاز عالم، وسیم انجم سندھو،شکیلہ اعجاز آرتھر،بابا فیبلوس،آگاہی کے چیف ایگزیکٹو مبارک علی سرور، رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ سوسائٹی سے محمد مرتضی کھوکھر، مختلف مذاہب کے مذہبی رہنمائوں،سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

پریسبیٹیرین چرچ کے بشپ ڈاکٹر مجید ایبل نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کی سلامتی،ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تمام معزز مہمانوں،مذہبی رہنماوں، سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان اور شرکا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔

تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے دیگر شرکا کے ہمراہ چرچ کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔بعد ازاں بین المذاہب ہم آہنگی کی ریلی نولکھا چرچ سے روانہ ہوئی اور کرشنا مندر،گوردوارہ ڈیرہ صاحب اور دیگر مقدس مقامات سے گزرتے ہوئے بادشاہی مسجد کے عقب میں اختتام پذیر ہوئی،جہاں اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔ریلی میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماوں نے صوبائی وزیر کے ساتھ ہاتھوں کی زنجیر بنا کر نوجوانوں، خواتین اور شہریوں کے ساتھ قومی اتحاد، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز اپنی عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر رہی ہیں اور ان کا عزم ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کے چہرے پر دوبارہ مسکراہٹ واپس لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے عوام دوست منصوبے بلاامتیاز ہر طبقے تک پہنچ رہے ہیں اور ان کے ثمرات عام آدمی کو محسوس ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے بقول ’’اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں اور ان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔‘‘ اسی وژن کے تحت ایک دن کے بجائے پورا ہفتہ’’ہفتہ اقلیت‘‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے تاکہ مذہبی رواداری، باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے ملک کے دفاع،امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں،جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ہمیشہ امن، استحکام اور خطے میں توازن کے فروغ کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دانشمندانہ قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔

پاکستان نے اپنی ذمہ دارانہ سفارت کاری،امن پسند پالیسی اور موثر قیادت کے ذریعے دنیا میں امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا، جسے عالمی برادری نے بھی سراہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہفتہ اقلیت کی تقریبات اس عزم کی تجدید ہیں کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لیے امن، مساوات، احترام اور بھائی چارے کا گہوارہ ہے اور پنجاب حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔