فرانسیسی سفیر کا اعلیٰ تعلیم کے لیے 700 سے زائد پاکستانی طلبہ کا خیرمقدم

ہفتہ 8 اگست 2026 00:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2026ء) پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور رواں سال 700 سے زائد پاکستانی طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے فرانس جا رہے ہیں۔اسلام آباد میں طلبہ کی روانگی سے قبل منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تبادلے میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ چار سال قبل فرانسیسی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی تعداد 200 سے بھی کم تھی جو اب بڑھ کر ہزاروں تک پہنچ چکی ہے۔ اس پیش رفت میں کیمپس فرانس، فرانسیسی سفارتخانے اور پاکستانی جامعات کی مشترکہ کوششوں نے معاونت فراہم کی ہے۔فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ متعدد پاکستانی اسکالرز یورپی یونین کے ایراسمس منڈس پروگرام میں بھی حصہ لے رہے ہیں جن میں سے اکثریت نے فرانس کو اپنی بنیادی منزل کے طور پر منتخب کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں سال کے طلبہ میں سے 33 طلبہ نے میرٹ اسکالرشپس حاصل کی ہیں جن کی مالی معاونت فرانسیسی حکومت یا یورپی یونین کی جانب سے کی گئی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں نصف خواتین ہیں جو مساوی مواقع پر مشترکہ توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فرانس روانہ ہونے والے طلبہ کی معاونت کے لیے کیمپس فرانس پورے عمل کے دوران مدد فراہم کرتا ہے جس میں پروگرام کا انتخاب، ویزا درخواستیں اور روانگی سے قبل رہنمائی شامل ہے۔

رہنمائی میں رہائش، صحت کی سہولیات، انتظامی امور اور فرانس میں روزمرہ زندگی جیسے عملی موضوعات شامل ہیں۔تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جانب سے بھی تعاون فراہم کیا گیا جس نے گزشتہ سال اسلام آباد اور پیرس کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کی تھیں۔ پی آئی اے نے شریک طلبہ میں دو واپسی کے ٹکٹ انعام کے طور پر پیش کیے تاکہ وہ اپنی تعلیمی مدت کے دوران اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے واپس آ سکیں۔

فرانسیسی نمائندوں نے فرانس جانے والے طلبہ کے لیے ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں کامیابی کیلئے نیک تمائوں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فرانس میں قیام کے دوران ثقافتی سفیر کا کردار ادا کرنے اور بین الاقوامی روابط قائم کرنے کی ترغیب دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات نے کہا کہ یہ تعاون پاکستانی طلبہ کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ براہ راست پروازوں کی بحالی سے پاکستانیوں کے لیے فرانس کا سفر آسان ہو جائے گا۔تقریب کا اختتام قرعہ اندازی سے ہوا، جس میں تین طلبہ نے واپسی کے فضائی ٹکٹ جیتے۔ ٹکٹ فرانسیسی سفیر اور سفارتخانے میں کیمپس فرانس کے ایجوکیشن آفیسر نے پیش کیے۔