اسلامی دنیا کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے‘جے یو آئی

ْ پاکستان، سعودیہ ،ترکیہ کا دفاعی تعاون مسلم امہ کے تحفظ، سلامتی کیلئے سنگِ میل ثابت ہوگا

اتوار 9 اگست 2026 11:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2026ء) جمعیت علما ئے اسلام( س) لاہور کے امیر ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین، امیر مولانا پیر عبدالقدوس نقشبندی ،ناظم اعلی مولانا ایوب خان، ڈپٹی سیکرٹری پیر اکبر ساقی، لاہور کے ناظم اعلی مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری واحد بخش، قاری رحمت اللہ لاشاری، انجینئر خالد ٹیپو، عبد الحمید تو نسوی، مولانا محمد ممتاز، مولانا توقیر عباس سمیت دیگر رہنما ئوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ اسلامی دنیا کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ میں ہونے والے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کر تے ہیں، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی تعاون مسلم امہ کے تحفظ، سلامتی کیلئے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے مزید کہاکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نہ صرف برادر اسلامی ممالک ہیں بلکہ مسلم دنیا میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے اور مسلم ممالک کے مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔مسلم دنیا کا اتحاد صرف دفاعی ضرورت نہیں بلکہ اقتصادی ترقی، سیاسی استحکام، خودمختاری اور عالمی سطح پر موثر آواز کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اسلامی ممالک باہمی اخوت، اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے امتِ مسلمہ کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کریں۔