ملک کرکٹ اکیڈمی پشاور میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد

منگل 11 اگست 2026 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) ملک کرکٹ اکیڈمی پشاور میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اکیڈمی کی انڈر17 کرکٹ ٹیم کو آل پاکستان جشن آزادی انڈر17 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے روانہ کردیا گیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر متنی سید منان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عصمت اللہ تھے جنہوں نے جشن آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کا تعارف حاصل کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر متنی سید منان نے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، کھیل انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر قومی سطح کے ٹورنامنٹ میں پشاور کی نمائندگی کرنا قابل فخر ہے، کھلاڑی محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ کھیل کر ملک و صوبے کا نام روشن کریں۔

ایڈیشنل اے سی عصمت اللہ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے ملک کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور انہیں قومی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کو سراہا۔ملک کرکٹ اکیڈمی کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک فرمان اور کوچ رحیم خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔آل پاکستان انڈر17 جشن آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے مختلف ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جبکہ ملک کرکٹ اکیڈمی پشاور کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کرے گی۔