ٹ*جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار، تجارت پر کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار

ساہیوال، لودھراں، بہاولنگر، بھکر اور راجن پور میں کارروائیاں، 9 ملزمان کو پونے تین لاکھ جرمانہ خارپشت، فاختہ، بٹیر، ٹٹیری، جنگلی بیلبر اور مور کے غیرقانونی شکار پر کارروائی کی گئی ، ترجمان

منگل 11 اگست 2026 19:35

lلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2026ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے صوبے بھر میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار، تجارت اور قبضے کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ وائلڈ لائف رینجرز نے ساہیوال، لودھراں، بہاولنگر، بھکر اور راجن پور میں مختلف کارروائیوں کے دوران خارپشت، فاختہ، بٹیر، ٹٹیری، جنگلی بیلبر اور مور کے غیرقانونی شکار و قبضے میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں سے 9 کو مجموعی طور پر پونے تین لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ 2 ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر لودھراں سمیع اللہ نے کتوں کے ذریعے نایاب جنگلی جانور خارپشت (سیہہ) کے غیرقانونی شکار میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 68 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ عائد کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح مختلف کارروائیوں کے دوران جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار، تجارت اور بٹیر کی نیٹنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 80 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور کیسز نمٹا دیے گئے۔

ساہیوال میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر محمد شرجیل نے مور کے بچے کے غیرقانونی قبضے پر ایک ملزم کو گرفتار کرکے 20 ہزار روپے جرمانہ کیا۔راجن پور میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر صائمہ محسن نے بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک نیٹنگ گئر برآمد کیا اور 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔بہاولنگر میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عروج ظہیر نے فاختہ، ٹٹیری اور جنگلی بیلبر کے غیرقانونی شکار میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 80 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ عائد کیا اور کیسز نمٹا دیے۔

بھکر کی تحصیل کلورکوٹ میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر محمد طارق خان نے بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 نیٹنگ گئرز قبضے میں لے لیے۔ محکمہ کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار، تجارت اور قبضے کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔