اقلیتوں کے جان و مالاور مذہبی آزادی کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سہیل احمد رضا

منگل 11 اگست 2026 20:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے قومی اقلیتی دن کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی برادریاں برابر کے شہری ہیں، ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار قابلِ قدر ہے۔ اقلیتوں کے جان و مال، عزت و آبرو، عبادت گاہوں اور مذہبی آزادی کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اسلام کے حقیقی پیغامِ امن، محبت، برداشت، رواداری اور انسانی مساوات کو اجاگر کرنے کے ساتھ بین المذاہب مکالمے اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے بھی ان کی فکری رہنمائی میں مذہبی رواداری کو اپنی دعوتی و سماجی جدوجہد کا حصہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

سہیل احمد رضا نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور مذہبی تشدد کے خلاف واضح موقف اختیار کرتے ہوئے نوجوان نسل کو نفرت اور انتہاپسندی کے بجائے علم، اعتدال، مکالمے اور امن کی راہ اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا تصورِ پاکستان بھی مساوی شہریت، مذہبی آزادی اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی تھا۔

پاکستان کی تمام مذہبی برادریوں نے ملکی ترقی، تعلیم، صحت، دفاع، تجارت، صنعت، کھیل اور دیگر شعبوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔سہیل احمد رضا نے کہا کہ مذہبی رواداری کو صرف ایک دن تک محدود رکھنے کے بجائے اسے قومی کردار کا مستقل حصہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 11 اگست ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم قائداعظم کے تصورِ پاکستان کو عملی فروغ دیں گے، مذہبی ہم آہنگی کو مضبوط کریں گے اور نفرت و تعصب کے بجائے محبت، احترام، برداشت اور امن کو فروغ دیں گے۔