ربیع الاول کی آمد، سکھر میں جشن عید میلاد النبیؐ کی تیاریاں تیز

پاکستان سنی تحریک کے وفد کی ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد سے ملاقات، صفائی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی بہتری اور سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال

بدھ 12 اگست 2026 18:25

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) ربیع الاول کی آمد، سکھر میں جشن عید میلاد النبی کی تیاریاں تیز،پاکستان سنی تحریک کے وفد کی ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد سے ملاقات، صفائی، اسٹریٹ لائٹس اور سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال خبر کے مطابق ربیع الاول شریف کی آمد کے ساتھ ہی سکھر میں جشن عید میلاد النبی کی تیاریوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، اس سلسلے میں پاکستان سنی تحریک ضلع سکھر کے وفد نے مرکزی رہنما حضرت مولانا نور احمد قاسمی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی، جس میں ربیع الاول کے دوران منعقد ہونے والے جلوسوں، ریلیوں، اجتماعات اور محافل کے انتظامات، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، راستوں کی بہتری اور سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد میں ضلع سکھر کے صدر رضوان قادری،مولانا محمد قاسم ،قاری امجد قاسمی،عبد النبی قاسمی،حافظ نزیر احمد میمن و دیگر موجود تھے ملاقات کے دوران پاکستان سنی تحریک کے وفد نے سکھر انتظامیہ کی جانب سے جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے شروع کی جانے والی تیاریوں اور انتظامات کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفد نے کہا کہ ربیع الاول مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس اور عقیدت و محبت کا مہینہ ہے، جس میں ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی عاشقان رسول مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جشن میلاد النبی مناتے ہیں، اس لیے جلوسوں اور دیگر مذہبی پروگراموں کے لیے بہترین انتظامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔وفد نے ڈپٹی کمشنر سکھر کی توجہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی، خراب سڑکوں اور راستوں کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر ضروری شہری سہولیات کی جانب مبذول کرائی۔

وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ربیع الاول کے دوران شہر کی اہم شاہراہوں، جلوسوں کے روٹس اور مذہبی اجتماعات کے مقامات پر انتظامیہ کی جانب سے خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ شہریوں اور شرکاء کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد نے پاکستان سنی تحریک کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ربیع الاول شریف کے دوران جشن عید میلاد النبی کے تمام پروگراموں کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور اور مؤثر انتظامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میلاد النبی کے موقع پر خدمات انجام دینا ہمارے لیے باعث سعادت ہے اور انتظامیہ اس مقدس موقع پر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے گی۔نادر شہزاد نے کہا کہ جلوسوں، ریلیوں، اجتماعات اور محافل کے دوران شرکائکو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔