سکھر میں 12 ربیع الاول کے انتظامات، فول پروف سیکیورٹی اور لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

جمعرات 13 اگست 2026 21:04

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) : ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی زیر صدارت 12 ربیع الاول عید میلادالنبی ﷺ کے انتظامات کے سلسلے میں اہم اجلاس آرٹس کونسل سکھر میں منعقد ہوا، جس میں اے ایس پی سکھر، ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز، رینجرز، ٹاؤن چیئرمینز، ڈی ایچ او ہیلتھ، میونسپل چیئرمین، علمائ کرام، اسکاؤٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا جشن تمام مکاتب فکر اور متعلقہ ادارے باہمی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے شہر میں مثالی امن و امان قائم رکھنے اور محبت، رواداری و مذہبی ہم آہنگی کا ماحول برقرار رکھنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ضروری ادویات کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے۔

خون کے عطیات کے لیے کیمپس لگائے جائیں جبکہ جلوسوں کے روٹس پر ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے پولیس کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرنے، جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی اور شہر میں داخل ہونے و باہر جانے والے راستوں پر مؤثر سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے اور خراب یا اٹھائی جانے والی گاڑیوں کے لیے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

میونسپل انتظامیہ کے افسران کو بند اور چوکی ہوئی پانی کی لائنیں کھولنے، صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات اور اسٹریٹ لائٹنگ بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی تاکہ عاشقان رسول ﷺ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے سیپکو حکام کو ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کے روز شام 6 بجے سے رات 2 بجے تک شہر میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو بھی اس روز گیس کی لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

نادر شہزاد خان نے کہا کہ سرکاری ادارے، بلدیاتی نمائندے اور سماجی تنظیمیں باہمی تعاون سے جشن عید میلادالنبی ? کو شان و شوکت، امن اور بھائی چارے کی فضا میں منائیں تاکہ دنیا کو اتحاد، محبت اور مذہبی رواداری کا مثبت پیغام دیا جاسکے۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے تعلقوں میں متعلقہ اداروں کے اجلاس منعقد کرکے انتظامی مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ 12 ربیع الاول کے موقع پر اسکولوں میں نعت خوانی کے پروگرام منعقد کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔