سیڈا کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریب، صوبائی وزیر آبپاشی کی شرکت

جمعہ 14 اگست 2026 14:37

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) سندھ ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (سیڈا) کے زیر اہتمام سیڈا آفس حیدرآباد میں جشن آزادی پاکستان کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے تقریب میں قومی پرچم لہرایااور پاکستان کی آزادی کی 79ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، وکلا، سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین اور خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات قومی یکجہتی، حب الوطنی اور وطن سے محبت کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔ پاکستان کے قیام کے بعد دشمن ملک نے پانی بند کرکے پاکستان کو مشکلات سے دوچار کرنے کی کوشش کی، جبکہ دشمن کا خیال تھا کہ پاکستان چند برس بعد ٹوٹ جائے گا، تاہم پاکستانی قوم نے اتحاد، قربانی اور عزم کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے لیے لاکھوں افراد نے عظیم قربانیاں دیں، انہی قربانیوں کی بدولت ہمیں آزاد وطن نصیب ہوا۔ پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے قوم کو اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ جام خان شورو نے کہا کہ دشمن ملک جنگ کے میدان میں شکست کے بعد اب قوم کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان کی قوم دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

پاکستان ہمیشہ آزاد، مضبوط اور قائم رہے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں، جو ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ملکی ترقی میں زرعی شعبہ بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ زرعی شعبے کی ترقی سے ملک میں خوشحالی اور اقتصادی ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جلد دنیا کی ایک مضبوط اقتصادی طاقت بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔ موجودہ عسکری و سیاسی قیادت پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے لے کر جا رہی ہے۔ جام خان شورو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام نے ماضی میں بھی تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی متحد ہو کر ہر مشکل کا مقابلہ کریں گے۔