اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کی زیرنگرانی شہر میں جشن یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعہ 14 اگست 2026 17:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیرنگرانی شہر میں جشن یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کے دفتر میں یوم آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور جشن آزادی کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں سابقہ ایم این اے رانا شمیم احمد خاں،ایم پی اے سمبڑیال و رکن اسمبلی حنا ارشد وڑائچ سمیت دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی جو پاکستان کی خوبصورت قومی یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہے۔یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیر نگرانی 11 اگست کو نور محل مارکی ائیرپورٹ روڈ میں ایک شاندار جشن آزادی مشاعرہ کابھی انعقاد کیا گیا تھا ،14 اگست کو رات 12 بجے سے ہی سمبڑیال میں جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیرِ نگرانی تحصیل انتظامیہ کی جانب سے ڈرائی پورٹ چوک سمبڑیال میں شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، رنگ برنگی اور دلکش آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھا، جس نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی جذبے اور حب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا۔تقریب کے دوران شہریوں نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے قومی یکجہتی، اتحاد اور وطن سے وفاداری کے عزم کا اعادہ کیا۔صبح9 بجے سائرن بجایا گیا اور فضا ملی نغموں سے گونج اٹھی، اسسٹنٹ کشمنر سمبڑیال کے دفتر میں جشن آزادی کیک کاٹا گیا اور پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ پنجاب پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور اسکائوٹس کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جبکہ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔