انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ہفتہ 15 اگست 2026 17:04

انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2026ء) صحت مند معاشرہ ہی مضبوط، خوشحال ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، مستحق نادار افراد کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنا انسانیت کی عظیم خدمت ہے۔معاشرہ کے محروم طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ریاست کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات، فلاحی اداروں صاحبِ ثروت افراد کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ فری میڈیکل کیمپ جیسے اقدامات دکھی انسانیت کی خدمت کا عملی مظہر ہیں، جہاں مستحق مریضوں کو ایک ہی چھت تلے طبی معائنہ، تشخیص اور علاج کی سہولت میسر آتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ خاندانوں کو علاج کے بھاری اخراجات سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سرکاری و نجی اداروں، فلاحی تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ عوام میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے آگاہی پروگراموں کا دائرہ بھی وسیع کیا جانا چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کوسراہتے ہوئے منتظمین ، طبی ماہرین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے محروم اور مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے مثبت اور عوامی فلاح کے اقدامات کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔