Live Updates

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج پھر بڑے اضافے کا اعلان

پیٹرول 5 روپے 2 پیسے جبکہ ڈیزل 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کردیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 ستمبر 2026 23:21

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج پھر بڑے اضافے کا اعلان
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 11 ستمبر 2026ء ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔
پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 403 روپے 32 پیسے مقرر کردی گئی۔

نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ مزید برآں مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 6.3 فیصد اضافے کے ساتھ 107.63 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی مئی کے وسط کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور 6.7 فیصد اضافے کے ساتھ 103.82 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یمن میں حوثیوں کی جانب سے بندرگاہی شہر موخا پر قبضے اور آبنائے ہرمز میں مزید بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات کے بعد عالمی توانائی کی سپلائی میں خلل کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ دوسری جانب امریکا اوراسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملوں کے بعد صرف مشرق وسطیٰ کا نقشہ نہیں بدلا بلکہ عالمی تیل مارکیٹ کو بھی شدید ہلچل سے دوچار کر دیا ہے آبنائے ہرمز میں کشیدگی، تیل بردار جہازوں پر حملوں اور سپلائی میں رکاوٹ کے خدشات نے خام تیل کی قیمت کو دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچا دیا ہے 10 ستمبر کو برینٹ خام تیل 100 ڈالر سے اوپر جبکہ امریکی ”وی ٹی آئی“ بھی 100 ڈالر کے قریب پہنچ گیا، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں مہنگائی کے خدشات مزید بڑھ گئے. اس پوری صورتحال میں ایک بنیادی سوال مسلسل اہم ہوتا جا رہا ہے جنگ کا مالی بوجھ دنیا بھر کے عوام اٹھا رہے ہیں، تو تیل کی اس اضافی کمائی سے اصل فائدہ کون اٹھا رہا ہے؟ جنگ کے سب سے واضح مالی فائدہ اٹھانے والوں میں وہ تیل کمپنیاں شامل ہیں جو ایران اور آبنائے ہرمز کے براہِ راست خطرے سے نسبتاً محفوظ علاقوں میں پیداوار جاری رکھ سکتی ہیں۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات