چاند کا حقیقی ٹکڑا کراچی کے نیشنل میوزیم میں محفوظ

اپولو 17 مشن کے دوران زمین پر لایا گیا قمری پتھر پاکستان کی تاریخی اور منفرد یادگار قرار

پیر 17 اگست 2026 15:21

چاند کا حقیقی ٹکڑا کراچی کے نیشنل میوزیم میں محفوظ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2026ء) چاند کو صدیوں سے انسانی حیرت، جستجو اور تخیل کا مرکز سمجھا جاتا ہے، تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ چاند کا ایک حقیقی ٹکڑا کراچی میں بھی محفوظ ہے، جو آج بھی شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔کراچی کے نیشنل میوزیم آف پاکستان میں محفوظ یہ قمری پتھر دسمبر 1972 میں امریکی خلائی مشناپولو 17 کے دوران خلا باز زمین پر لائے تھے۔

یہ مشن چاند پر انسان کے اترنے اور وہاں سے نمونے زمین پر لانے کے حوالے سے تاریخ کا ایک اہم خلائی سفر سمجھا جاتا ہے۔نیشنل میوزیم میں چاند کا یہ قیمتی ٹکڑا ایک شفاف ایکریلک گولے میں محفوظ کیا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ پاکستان کا قومی پرچم بھی رکھا گیا ہے۔ یہ پرچم بھی اپولو 17 مشن کے دوران خلا اور چاند تک لے جایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نیشنل میوزیم کے کیوریٹر یعقوب خان کے مطابق قمری پتھر پاکستان کے لیے ایک تاریخی اور منفرد یادگار ہے، جو انسانی خلائی سفر اور سائنسی تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

چاند کا یہ ٹکڑا محض ایک پتھر نہیں بلکہ انسانی جستجو، سائنسی تحقیق اور خلائی تاریخ کے یادگار باب کی علامت ہے۔ کراچی میں محفوظ یہ نایاب نمونہ نئی نسل کو خلائی تحقیق اور کائنات کے بارے میں جاننے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔