یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیر اہتمام شاندار گرینڈ میوزک شو کا انعقاد

پیر 17 اگست 2026 20:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیر اہتمام ایک شاندار گرینڈ میوزک شو کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں معروف فنکاروں رحمت بانو اور مشتاق نیازی نے قومی نغمے اور گیت پیش کیے جس سے ماحول حب الوطنی اور ثقافتی فخر سے معطر ہو گیا۔

تقریب کی مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر طاہرہ اورنگزیب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور موسیقی و فن نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات پاکستان کی وحدت اور استحکام کی عکاس ہیں اور مسلم لیگ ن کی قیادت میں فن، ثقافت اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشیں جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حکومت پنجاب کی پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر شازیہ رضوان بھی تقریب کی اہم شخصیت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب فنکاروں کے لیے مواقع فراہم کرنے اور قومی دنوں کو وقار اور جوش و خروش سے منانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے گرینڈ میوزک شو نہ صرف تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ ہماری قومی شناخت کو بھی مضبوط کرتے ہیں اور فنکاروں کی صلاحیتیں ہمارے لیے فخر کا باعث ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے ڈائریکٹر محمد شکور نے تمام مہمانوں، فنکاروں اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کونسل آئندہ بھی اس طرح کی ثقافتی تقریبات کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ امن، اتحاد اور فن کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔