کراچی میں پانی کی قلت کے باوجود نرخوں میں 7 فیصد اضافہ عوام پر ظلم ہے، صادق شیخ

منگل 18 اگست 2026 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے سینئر رہنما اور چوہدری شجاعت حسین لورز کے بانی و مرکزی صدر محمد صادق شیخ نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام بنیادی ضرورت پانی سے محروم ہیں، گھروں کے نلکوں میں پانی دستیاب نہیں لیکن اس کے باوجود شہری باقاعدگی سے پانی کے بل ادا کررہے ہیں، جبکہ پانی کے نرخوں میں مزید 7 فیصد اضافہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کا نظام انتہائی ناقص ہوچکا ہے، شہری کئی کئی روز پانی سے محروم رہتے ہیں اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ ایک طرف عوام کو پانی دستیاب نہیں اور دوسری جانب پانی کے بلوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

(جاری ہے)

محمد صادق شیخ نے کہا کہ کراچی واٹر کارپوریشن کی جانب سے پانی کے نرخوں میں مزید اضافہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب شہری پہلے ہی آٹا، چینی، بجلی، گیس، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شدید متاثر ہیں۔

موجودہ حالات میں پانی کے بلوں میں مزید 7 فیصد اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت اور حق ہے، کراچی جیسے بڑے شہر میں پانی کی مستقل اور منصفانہ فراہمی یقینی بنانا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں شہری کئی کئی دن پانی کی فراہمی سے محروم رہتے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ق) نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اور کراچی واٹر کارپوریشن شہر میں پانی کی فراہمی کا مؤثر اور مستقل نظام قائم کریں، پانی کی قلت دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور پانی کے نرخوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو پانی فراہم کیے بغیر صرف بلوں میں اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت شہریوں کو فوری ریلیف دے اور کراچی کے دیرینہ پانی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کرے۔