Live Updates

پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس، گورنر ہائوس پر جماعت اسلامی کا دھرنا جاری ، شرکاء میں زبردست جوش و خروش

عتیق میر کی دھرنے میں شرکت و حمایت ،منعم ظفر کا اظہار تشکر ،طلبہ کی عدالت میں 130روپے لیوی ٹیکس وصولی کا مقدمہ پیش کیا گیا شرکا ء میں انتہائی نظم و ضبط، نعتیں ، ترانے اور نظمیں پڑھنے کا سلسلہ جاری ،حافظ نعیم کی ہدایت پر دھرنا فنڈ قائم ،شرکاء نے عطیات جمع کرائے

منگل 18 اگست 2026 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2026ء) پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی اور آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے اتوار کو گورنر ہاوس پر دیا جانے والا دھرنا منگل کو تیسرے دن بھی جاری رہا ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی سمیت امراء اضلاع اور دیگر ذمہ داران بھی کارکنوں کے ہمراہ دھرنا گاہ میں موجود رہے ، شرکاء کے اندر زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا ، دھرنے میں صبح سے رات گئے تک گہما گہمی، مختلف سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر سے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عام شہریوں سمیت مختلف طبقات و شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی آمد ، دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی اور مطالبات کی حمایت کا سلسلہ بھی جاری ہے ، کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے دھرنے میں شرکت کی ، دھرنے کے شرکاء سے خطاب کیا اور پیٹرول لیوی و آئی پی پیز مافیا کے حوالے سے تاجروں کی جانب سے جماعت اسلامی کے مطالبات کی مکمل حمایت اور عوامی جدو جہد پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

منعم ظفر خان نے عتیق میر کی آمد و شرکت اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ، دھرنے کے تیسرے دن منگل کے روز اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے پیٹرول لیوی کی ظالمانہ وصولی بالخصوص طلبہ اور عام نوجوانوں سے ہر پیٹرول پر تقریباً130روپے لیوی و ٹیکس وصول کرنے کے خلاف طلبہ عدالت لگائی گئی اور طلبہ کا مقدمہ پیش کیا گیا ، عدالت میں جج کے فرائض پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سیکریٹری نجیب ایوبی نے ادا کیے ، دھرنے میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے اپنے لیے 11ارب روپے کی خطیر رقم سے جہاز خریدنے کے خلاف ایک قرار داد پیش کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ پیٹرول لیوی کے ذریعے غریب عوام اور طالب علموں پر بھاری بوجھ کم کرنے کے لیے یہ جہاز نیلام کیا جائے ، دھرنے کے شرکاء نے ہاتھ اُٹھا کر قرارداد منظور کی ، دھرنے میں مختلف علاقوں سے آنے والے افراد اور شرکاء عوام کی حالت زار ، مہنگائی اور دیگر مسائل پر اپنے تاثرات اور خیالات کا اظہار بھی کر رہے ہیں ، ایک شخص نے بتایا کہ جنوری 2022میں با اختیار شہری حکومت کے قیام اور اختیارات کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر دیے جانے والے 29روزہ تاریخی دھرنے میں ایک دن موجودہ گورنر سندھ نہال ہاشمی بھی شریک ہوئے تھے جنہوں نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبات کی حمایت کی تھی ، ان کی ویڈیوبھی میرے پاس موجود ہے ، میں نہال ہاشمی سے کہتا ہوں کہ اب وہ کہاں ہیں اور عوام کو پیٹرول لیوی کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے کیا کر رہے ہیں دھرنے کے شرکاء طویل وقت گزرنے کے باوجود انتہائی نظم و ضبط اور جوش و خروش کے ساتھ گورنر ہائوس کے سامنے سڑک پر موجود ہیں ، جن میں بچے ، بزرگ ، نوجوان ، محنت کش ، طلبہ ، وکلاء ،ڈاکٹرز، انجینئرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شامل ہیں ۔

دھرنے شرکاء نے جماعت اسلامی کے جھنڈے اور مطالبات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے ہیں جن پر حافظ نعیم الرحمن کی تصویر بھی موجود ہے ، جبکہ دھرنا گاہ فورہ چوک سمیت اطراف کی فٹ پاتھوں اور کھمبوں پر بھی بینرز لگائے گئے ہیں ، شرکاء کی طرف سے پر جوش نعروں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے جبکہ ڈائس پر سے بھی نعرے لگوائے جاتے ہیں ، شرکاء کے جذبات کو مہمیز دینے کے لیے نعتیں ، ترانے اور نظمیں پڑھنے اور سنانے کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے ، بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کے باعث کھانے پینے کی مختلف اشیاء کے اسٹالز بھی لگ گئے ہیں ، منتظمین کی جانب سے شرکاء کو صبح کا ناشتہ اور دوپہر و رات کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ دھرنے میں شریک ہونے والے افراد رضا کارانہ طور پر بھی اپنے اور دیگر شرکاء کے لیے کھانا لے کر آتے ہیں ، دھرنا گاہ میں ایک بڑی اسکرین بھی لگائی گئی ہے جس پر دھرنے کی کارروائی دکھانے کے علاوہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی وزیر اعلیٰ ہائوس پنجاب پر کی جانے والی تقاریر کو لائیو دکھایا جاتا ہے ، حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر دھرنے کے اخراجات کے لیے دھرنا فنڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے جس میں شرکاء نے عطیات جمع کرانا شروع کر دیے ہیں ، الخدمت کی جانب سے ایک موبائل ڈسپنسری اور ٹوائیلیٹ وین کا بھی انتظام کیاگیا ہے ، دھرنے کی کوریج کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے اور DSNGوین بھی بڑی تعداد میں گورنر ہائوس پر موجود رہتی ہیں ۔

علاوہ ازیں پولیس کی موبائیلیں بھی موجود ہیں ، دھرنا گاہ میں لائٹنگ اور سائونڈ سسٹم کا بھی انتظام کیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے لیے الگ الگ کیمپ بھی قائم کیے گئے ، شرکاء کے لیے سڑک پر دریاں بچھائی گئی ہیں جبکہ بزرگ اور معذور افراد کے لیے کرسیوں کا انتظام بھی کیا گیا ۔دھرنا گاہ میں رات گئے تک گہما گہمی برقرار رہتی ہے اور شرکاء شعر و شاعری اور بیت بازی میں بھی شریک ہوتے ہیں ۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات