صوابی،دریائے سندھ میں ڈوبنے والے چار افراد کی لاشیں سات روزہ آپریشن کے بعد برآمد

جمعرات 20 اگست 2026 20:41

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2026ء) ضلع صوابی کے علاقے ہنڈ میں یوم آزادی کے موقع پر دریائے سندھ میں ڈوبنے والے خاندان کے لاپتہ افراد میں سے آخری نوجوان حضر ماندوری سکنہ مردان کی لاش بھی جمعرات کے روز پنجاب کی حدود میں دریائے سندھ سے برآمد کرلی گئی۔ذرائع کے مطابق مردان کے پولٹری تاجر شکیل ماندوری کو دریائے سندھ میں ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کے دوران ان کے جواں سال بیٹے شرجیل اور حضر بھی دریا میں ڈوب گئے تھے۔

(جاری ہے)

دونوں بھائیوں کو بچانے کے لیے دریا میں کودنے والا مقامی ہوٹل کا نوجوان ملازم اویس سکنہ چارسدہ بھی ڈوب گیا تھا۔ریسکیو کی غوطہ خور ٹیموں نے سات روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران چاروں افراد کی لاشیں برآمد کرلیں۔ امدادی کارروائی کے دوران ریسکیو کی کشتی کو حادثہ بھی پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ضلعی آفیسر اویس بابر کی طبیعت بھی خراب ہوگئی تھی۔ریسکیو ٹیموں کی مسلسل کوششوں کے بعد چاروں لاشیں برآمد کرکے متعلقہ حکام اور لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔