غیر ملکی اسکیمرز پاکستان میں بیٹھ کر دنیا کے مختلف ممالک میں موجود افراد سے اسکیمنگ کرنے لگے

جمعہ 21 اگست 2026 23:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) اسلام آباد میں این سی سی آئی اے کے چھاپے کے دوران آن لائن فراڈ میں ملوث غیر ملکیوں کی گرفتاری کے بعد یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ اسکیمرز پاکستان میں بیٹھ کر دنیا کے مختلف ممالک میں موجود افراد سے اسکیمنگ کرنے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد سے گرفتار ایک انڈونیشین اسکیمر نے بتایا کہ وہ تین ماہ پہلے بطور شیف پاکستان آیا تھا، اس کے گینگ میں 2 چینی اور 7 انڈونیشین ہیں، گینگ اسکیمز سے ماہانہ 80 ہزار ڈالر کماتا ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے کال سینٹر کی عمارت کو سب جیل قرار دے دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، سب جیل کی سیکیورٹی اور زیرِ حراست افراد کی ذمے داری ڈی جی این سی سی آئی اے کی ہوگی۔ذرائع کے مطابق تحقیقات کا دائرہ پی ٹی اے، ایف بی آر اور ایس ای سی پی تک بڑھا دیا گیا ہے، غیر ملکیوں کے داخلے، قیام، کاروباری سرگرمیوں اور مبینہ سائبر کرائم نیٹ ورک کی جانچ جاری ہے۔