سپریم کورٹ کا 27 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست وصول کرنے سے انکار

اس نوعیت کی درخواستیں وفاقی آئینی عدالت میں دائر ہوسکتی ہیں. رجسٹرار آفس کا موقف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 اگست 2026 14:19

سپریم کورٹ کا 27 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست وصول کرنے سے انکار
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 اگست ۔2026 ) سپریم کورٹ کا 27 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست وصول کرنے سے انکارکردیا ہے رجسٹرار آفس کا موقف ہے کہ اس نوعیت کی درخواستیں وفاقی آئینی عدالت میں دائر ہوسکتی ہیں ستائیسویں ترمیم جسٹس (ر) شبر رضا رضوی کی جانب سے چیلنج کی گئی تھی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین پاکستان قانون ساز اسمبلی نے تشکیل دیا تھا اور قانون ساز اسمبلی نے 1973 کے آئین میں سپریم کورٹ کو اعلیٰ ترین عدالت قرار دیا تھا، جبکہ موجودہ اسمبلی کسی صورت دستور ساز اسمبلی نہیں ہے. درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے بنیادی خدوخال کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، اسلامی ریاست میں کسی کو تاحیات استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا، جبکہ عدلیہ کی آزادی کا براہ راست تعلق ججز کی تعیناتی سے ہے ستائیسویں ترمیم میں دراصل آئین کو پامال کیا گیا ہے . درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ ستائیسویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دے اور آرٹیکل 248 کے تحت دیا گیا تاحیات استثنیٰ بھی کالعدم قرار دیا جائے سپریم کورٹ اس سے قبل بھی ستائیسویں ترمیم کے خلاف ایک درخواست وصول کرنے سے انکار کر چکی ہے.