Live Updates

قطری وزیراعظم سے ہونے والی بات چیت تعمیری رہی.عباس عراقچی

سفارت کاری کو دوبارہ ٹریک پرلانا ناممکن نہیں،امریکا کو اعتماد بحال کرنا ہو گا.ایرانی وزیرخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 اگست 2026 14:10

قطری وزیراعظم سے ہونے والی بات چیت تعمیری رہی.عباس عراقچی
تہران(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 اگست ۔2026 ) ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ قطری وزیر اعظم سے ہونے والی بات چیت تعمیری رہی”ایکس“پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ سفارت کاری کو دوبارہ ٹریک پر لانا ناممکن نہیں، تاہم یہ اس بات پر منحصر ہے کہ امریکا یہ سمجھ لے کہ دباﺅموثر نہیں ہوتا. ایرانی وزیرخارجہ کے مطابق امریکا کو اعتماد بحال کرنا ہو گا، احترام کے ساتھ بات چیت کرنا ہو گی انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایران کے حقوق کو تسلیم کرنا ہو گا اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا ہو گی عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر ہی سفارتی عمل کو دوبارہ آگے بڑھایا جا سکتا ہے.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روزاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں عباس عراقچی نے نئی امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی اور معاشی دہشت گردی قرار دیا تھا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور رکن ممالک کے نام خط میں عباس عراقچی نے واشنگٹن پر الزام عائد کیا کہ وہ جنگ میں اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی اور دوسرے ممالک کو اپنی مہم میں شامل کرنے کے لیے قائل نہ کرنے کے بعد اب ایران کے دیگر ممالک سے اقتصادی تعلقات کو منقطع کرنے کی کوشش کررہا ہے.

خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی پابندیاں خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر اشیائے ضروریہ تک رسائی کو محدود کرکے جان بوجھ کر شہریوں کو نقصان پہنچاتی ہیں ایران نے سلامتی کونسل اور اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ان اقدامات کی مذمت اور انہیں مسترد کریں عباس عراقچی نے دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم نہ کریں اور نہ ہی ان کا نفاذ کریں، امریکا تیسرے ممالک پر دباﺅ ڈالنا بند کرے. 
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات