میرپورخاص پولیس لائن کے لیے 46 لاکھ روپے سے زائد کا آر او پلانٹ منظور

ایم این اے پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی کی کوششوں سے منصوبے کی منظوری، سینکڑوں پولیس اہلکاروں اور خاندانوں کو صاف پانی کی سہولت ملے گی

جمعہ 28 اگست 2026 20:55

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی میرپورخاص کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی کی کوششوں سے میرپورخاص ضلعی ہیڈکوارٹر پولیس لائن کے مکینوں کے لیے صاف پینے کے پانی کا اہم منصوبہ منظور کرلیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت پولیس لائن میں 46 لاکھ روپے سے زائد کی لاگت سے آر او پلانٹ نصب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوامی فلاح کے وڑن کے مطابق پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں رہائش پذیر پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے آر او پلانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔یہ منصوبہ وارڈ کے جنرل کونسلر راحیل سموں کی خصوصی درخواست پر ایم این اے پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی کی کوششوں سے منظور کیا گیا۔

(جاری ہے)

آر او پلانٹ کی تکمیل کے بعد پولیس لائن میں رہائش پذیر اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو ان کی دہلیز پر معیاری اور محفوظ پینے کا پانی دستیاب ہوگا۔منصوبے کی منظوری پر جنرل کونسلر راحیل سموں اور علاقہ مکینوں نے پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی، ان کے جانشین فرزند پیر حسن شاہ جیلانی اور پیپلز پارٹی سٹی کے صدر پیر عزت شاہ جیلانی کا دلی شکریہ ادا کیا۔

اہل علاقہ نے کہا کہ پولیس لائن میں عرصہ دراز سے صاف پینے کے پانی کا مسئلہ درپیش تھا، تاہم آر او پلانٹ کی منظوری سے یہ دیرینہ مسئلہ حل ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے اور منصوبے سے سینکڑوں خاندان مستفید ہوں گے۔جنرل کونسلر راحیل سموں نے کہا کہ پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پیش پیش رہتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔