کراچی چیمبر میں آسان ٹیکس سہولت کے آگاہی سیشن کا انعقاد

ممبر ان لینڈ ریونیو کی مکمل تعاون، سہولت کاری اور شکایات کے ازالے کی یقین دہانی چھوٹے تاجر آسان ٹیکس ریٹرن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دستاویزی معیشت کا حصہ بنیں، زبیر بلال

منگل 8 ستمبر 2026 21:30

�راچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2026ء) ممبر ان لینڈ ریونیو (آئی آر) زبیر بلال نے آسان ٹیکس ریٹرن فائلنگ کی سہولت کو گزشتہ کئی دہائیوں میں متعارف کرائے گئے سب سے زیادہ آسان، لچکدار اور تاجر دوست ٹیکس اقدامات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اس بہترین موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، رضاکارانہ طور پر دستاویزی معیشت اور ٹیکس نظام کا حصہ بنیں اور زیادہ اعتماد اور ذہنی سکون کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے زیر اہتمام آسان ٹیکس ریٹرن فائلنگ کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے زبیر بلال نے کہا کہ اپنی 31 سالہ ملازمت کے دوران انہوں نے تاجروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کے لیے مختلف اسکیمیں دیکھی ہیں تاہم موجودہ اقدام غیرمعمولی طور پر آسان اور لچکدار ہے جو چھوٹے تاجروں کو انتہائی سادہ طریقہ کار کے ذریعے اپنے ٹیکس معاملات کو باقاعدہ بنانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

سیشن میں چھوٹے تاجروں، دکانداروں اور تاجر برادری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کے وائس چیئرمینز انجم نثار اور جاوید بلوانی، صدر کے سی سی آئی محمد ریحان حنیف، سینئر نائب صدر محمد رضا، نائب صدر محمد عارف لاکھانی، چیئرمین کے سی سی آئی فیڈرل ٹیکسیشن سب کمیٹی ابوبکر صدیق احمد شمسی سمیت تاجر برادری کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔

زبیر بلال نے تاجروں کو واضح یقین دہانی کرائی کہ وہ اس اقدام کو کسی خوف یا شکوک و شبہات کی نگاہ سے نہ دیکھیں بلکہ اسے ایک ایسے آسان نظام کے ذریعے دستاویزی معیشت کا حصہ بننے کے موقع کے طور پر دیکھیں جس کے ساتھ شکایات کے ازالے اور سہولت کاری کا مؤثر طریقہ کار بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقصد چھوٹے تاجروں کو خوفزدہ کرکے ٹیکس نظام میں شامل کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں یہ باور کرانا ضروری ہے کہ ٹیکس نظام کا حصہ بننا خود ان کے کاروبار اور ملک دونوں کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح کسی بچے کے سر پر مسلسل ڈنڈا لے کر کھڑے رہنے سے اسے پڑھائی کی جانب راغب نہیں کیا جاسکتااسی طرح تاجروں کو بھی محض دباؤ یا سختی کے ذریعے مستقل بنیادوں پر ٹیکس نظام کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا۔ انہیں مناسب رہنمائی، سہولت اور ٹیکس نظام میں شامل ہونے کے فوائد سے آگاہ کرنا ہوگا۔ جب تاجروں کو نظام کی مکمل سمجھ آجائے گی اور اس پر ان کا اعتماد قائم ہوگا تو وہ رضاکارانہ طور پر اس کا حصہ بنیں گے اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کے سی سی آئی کے سیشن میں شریک دکانداروں اور مارکیٹوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ساتھی تاجروں میں اس سہولت کے بارے میں آگاہی پھیلائیں اور انہیں اس سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیں۔ تاجروں کو اس اقدام کو مثبت انداز میں دیکھنا چاہیے کیونکہ رسمی اور دستاویزی نظام کا حصہ بننے سے انہیں زیادہ کاروباری تحفظ اور اعتماد حاصل ہوگا اور وہ اطمینان کے ساتھ اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔

ممبر ان لینڈ ریونیو نے مزید یقین دہانی کرائی کہ تاجروں کو درپیش حقیقی مشکلات کے حل کے لیے شکایات کے ازالے کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے۔ ٹیکس حکام تاجروں کے لیے قابل رسائی رہیں گے اور ان کے علم میں لائی جانے والی شکایات اور مشکلات کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے تاجر برادری کو مسلسل تعاون اور سہولت کاری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران شکایات اور تحفظات کے ازالے کے لیے دستیاب رہیں گے۔

قومی خزانے میں کراچی کی غیرمعمولی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زبیر بلال نے پاکستان کے محصولات میں بے پناہ حصہ ڈالنے پر کراچی اور اس کی تاجر برادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ٹیکس نظام میں کراچی کو منفرد اور غیرمعمولی حیثیت حاصل ہے اور قومی ٹیکس وصولیوں کا ایک بہت بڑا حصہ اسی شہر سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ صرف ایک لارج ٹیکس پیئرز آفس (ایل ٹی او) ہی ملک کی مجموعی ٹیکس وصولیوں میں تقریباً ایک تہائی حصہ ڈالتا ہے جبکہ کراچی کے دیگر ٹیکس دفاتر کی وصولیوں کو بھی شامل کیا جائے تو قومی محصولات میں شہر کا حصہ مزید نمایاں ہوجاتا ہے۔

یہ حقیقت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ کراچی کی تاجر برادری اور ٹیکس دہندگان ملکی معیشت کو سہارا دینے میں انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔زبیر بلال نے کراچی اور اس کے شہریوں کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے شہر کو منفرد، کثیرالثقافتی، محنتی اور متحرک شہر قرار دیا جس کے لوگ مضبوط کاروباری صلاحیت، محنت اور مہمان نوازی کے لیے جانے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ان کے تجربے نے شہر اور اس کی کاروباری برادری کے لیے ان کے دل میں بے پناہ احترام پیدا کیا اور کراچی سے جانے کے بعد بھی وہ ہمیشہ اس شہر کی خوبیوں کا ذکر کرتے رہے ہیں۔ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے تصور کا حوالہ دیتے ہوئے ممبر ان لینڈ ریونیو نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کی جانب سے ادا کیا جانے والا ریونیو بالآخر پاکستان ہی کا ہے اور اسی ملک پر خرچ ہوتا ہے۔

ٹیکس دہندگان کی جانب سے ادا کیا جانے والا ہر حصہ بالآخر ملک و قوم کی خدمت میں استعمال ہوتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ آسان ٹیکس ریٹرن اقدام کی کامیابی کا بنیادی انحصار ٹیکس انتظامیہ اور تاجر برادری کے درمیان اعتماد کے مضبوط رشتے پر ہوگا۔ چھوٹے دکانداروں میں خوف و خدشات پیدا کرنے کے بجائے آگاہی، سہولت کاری، آسان رسائی اور اعتماد سازی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی تاکہ تاجر اپنی مرضی اور اعتماد کے ساتھ ٹیکس نظام کا حصہ بنیں۔

زبیر بلال نے مزید بتایا کہ نظام میں تصدیق کے مختلف فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے جس سے ٹیکس دہندگان اپنے موبائل فون کے ذریعے متعلقہ دستاویزات کی صداقت کی جانچ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کا مقصد شفافیت میں اضافہ اور ٹیکس نظام کے ساتھ معاملات میں ٹیکس دہندگان کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کے سی سی آئی میں موجود تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی مارکیٹوں میں اس اقدام کے سفیر کا کردار ادا کریں اور اپنے ساتھی دکانداروں کو خوف، غلط فہمیوں یا بے بنیاد خدشات کی وجہ سے ٹیکس نظام سے باہر رہنے کے بجائے آسان طریقہ کار کو سمجھنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیں۔ممبر ان لینڈ ریونیو نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ ٹیکس حکام تاجر برادری کے ساتھ مکمل تعاون اور ان کی حقیقی شکایات کے ازالے کے لیے تیار ہیں۔

تاجروں کو جب بھی کسی جائز مسئلے یا مشکل کا سامنا ہوگا تو متعلقہ حکام اس کے حل کے لیے دستیاب ہوں گے اور انہیں ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کی جائے گی۔کے سی سی آئی میں منعقدہ آگاہی و سہولت کاری سیشن نے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو سینئر ٹیکس حکام کے ساتھ براہ راست تبادلہ خیال، آسان ٹیکس ریٹرن فائلنگ کے سادہ طریقہ کار کو سمجھنے اور ٹیکس تعمیل سے متعلق اپنے تحفظات اور سوالات اٹھانے کا اہم موقع فراہم کیا۔ سیشن میں تاجروں کی بڑی تعداد میں شرکت نے نئی سہولت کو سمجھنے اور اس کے عملی اطلاق کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل کرنے میں کاروباری برادری کی گہری دلچسپی کی عکاسی کی۔