خیبرپختونخوا پولیس نے آل پاکستان پولیس ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا

بدھ 9 ستمبر 2026 18:19

خیبرپختونخوا پولیس نے آل پاکستان پولیس ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) خیبرپختونخوا پولیس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آل پاکستان بین الصوبائی پولیس ہاکی ٹورنامنٹ 2026ء کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ہاکی کمپلیکس گلشن اقبال میں کھیلے گئے فائنل میں خیبرپختونخوا پولیس نے سندھ پولیس کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی، سندھ پولیس نے دوسری جبکہ پنجاب پولیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو تھے۔ تقریب میں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، اولمپئنز حنیف خان، وسیم فروز اور افتخار سید، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر امتیاز علی شاہ، سابق سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین، پولیس حکام، کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ٹورنامنٹ جیتنے پر خیبرپختونخوا پولیس کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے سندھ پولیس کی ٹیم اور منتظمین کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے بعد پہلی مرتبہ پولیس ٹیموں کے درمیان ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، سندھ پولیس کھیلوں کے فروغ کی اپنی شاندار روایات کو دوبارہ زندہ کرے گی۔جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال اور بیٹھے رہنے کے طرز زندگی کے باعث نوجوانوں کی جسمانی سرگرمیوں میں کمی تشویشناک ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن کی بنیاد بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیاں نوجوانوں کو منشیات، جرائم اور دیگر معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

نوجوان نسل کو جرائم اور منشیات سے پاک رکھنے کے لیے کھیلوں کا فروغ سندھ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔آئی جی سندھ نے اعلان کیا کہ سندھ پولیس کی جانب سے ہر ماہ مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ چند روز میں مختلف پولیس فورسز کے درمیان فٹبال ٹورنامنٹ بھی منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس میں 18 مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد پولیس فورس میں اتحاد، اخوت اور صحت مند مسابقت کو فروغ دینا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کوچز اور مینیجرز کی خدمات حاصل کرکے سندھ پولیس کی کھیلوں کی ٹیموں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ مستقبل میں سندھ پولیس کے باصلاحیت کھلاڑی ہاکی، فٹبال، کرکٹ، ایتھلیٹکس، باکسنگ اور دیگر کھیلوں میں قومی سطح پر نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کا دائرہ کراچی کے ساتھ سندھ کے دیگر شہروں تک بھی وسیع کیا جائے گا، جبکہ کچے کے علاقوں میں بھی کھیلوں کے ٹورنامنٹس منعقد کرکے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے گا۔

گراؤنڈز کی کمی ایک مسئلہ ہے تاہم کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔آئی جی سندھ نے سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ڈی آئی جی پیر محمد شاہ کی کھیلوں کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور اسپورٹس بورڈ کے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے منتظمین امتیاز علی شاہ، گلفراز احمد اور حیدر حسین کی کاوشوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

اختتامی تقریب میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے، جبکہ شرکا نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا۔