رانا ثناءاللہ سن لو! اگر گولی چلائی تو پہلی گولی مجھے مارنا، اگر کسی کارکن کو گولی ماری تو تمہارا جینا حرام کر دوں گا، سہیل آفریدی

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشتگردوں کو ساتھ لانا چاہتی ہے، لیکن ہم پرامن جماعت ہیں، رانا ثناءاللہ جیسے لوگ ایسا بیانیہ بنا کر کچھ کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 10 ستمبر 2026 18:34

رانا ثناءاللہ سن لو! اگر گولی چلائی تو پہلی گولی مجھے مارنا، اگر کسی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 10ستمبر 2026ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشتگردوں کو ساتھ لانا چاہتی ہے، لیکن ہم  پرامن جماعت ہیں، رانا ثناءاللہ جیسے لوگ ایسا بیانیہ بنا کر کچھ کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، رانا ثناءاللہ سن لو! اگر گولی چلائی تو پہلی گولی مجھے مارنا، اگر کسی کارکن کو گولی ماری تو تمہارا جینا حرام کر دوں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی نمائندگان اور ٹکٹ ہولڈرز سے پنجاب اسٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے یہاں اکٹھے ہونے کا مقصد پنجاب میں سٹریٹ موومنٹ کی پلاننگ کرنا ہے، پنجاب کے تمام ریجن کے پاس ایک گھنٹے کا ٹائم ہے آپ مشاورت کرکے بتائیں جہاں آپ چاہیں گے میں وہاں پہنچوں گا ، جس جگہ کہیں گے سٹریٹ موومنٹ ہوگی جہاں مجھے لے کر جائیں گے وہاں میں آپ کے ساتھ جاؤں گا۔

(جاری ہے)

ہمارے جتنے بھی پارلیمینٹیرئنز ہیں آپ پر پورے پاکستان کا انحصار ہے یہ صرف پنجاب کی بات نہیں ہے پورے پاکستان کی بات ہے جس طرح آپ کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا مودی کے یاروں کو آپ پر مسلط کیا گیا سب کے سامنے ہے، پنجاب کی جعلی وزیراعلی کہتی ہے مجھے انڈیا سے خطرہ نہیں ہے اپنے صوبوں سے خطرہ ہے اس نے ریاست پاکستان کے بیانئے کی توہین کی ہے پوری دنیا میں پاکستان کو رسوا کیا ہے یہ پہلی بار نہیں اس سے پہلے ڈان لیکس کے ذریعے بھی انہوں نے یہی حرکت کی تھی اس دفعہ اس کے بیان کو انڈیا کے تمام میڈیا پر دکھایا گیا کہ دیکھیں ریاست پاکستان جھوٹ بولتی ہے اور یہ سچ بولتی ہے۔

وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ رزق، عزت زلت،زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے خوف سے نکل آئیں، حضرت خالد بن ولید نے کہا تھا اگر زندگی انسان کے ۂاتھ میں ہوتی تو میں کبھی بستر پر دم نہ توڑتا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا تحریک انصاف دہشتگرد ساتھ لانا چاہتی ہے پاکستان تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی جماعت ہے 126 دن کے دھرنے میں اس نے ایک گملا تک نہ توڑا پی ٹی  آئی نے 1996 سے لے کر آج تک کبھی کوئی غیرقانونی غیرآئینی کام نہیں کیا ہمیں عمران خان نے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنا سکھایا ہے ستائیس ستمبر کو بھی ہم پرامن سیاسی جدوجہد کریں گے جو ہمارا آئین ہمیں اجازت دیتا ہے۔

یاد رکھو اگر ان عناصر نے چھبیس نومبر جیسا کوئی کھیل کھیلنا چاہا تو ان کو میرا پیغام ہے اگر گولی چلانی ہے تو پہلی گولی سہیل آفریدی کو لگنی چاہئے اگر میرے علاوہ کسی کارکن پہ گولی چلائی تو پھر میں آپ کا جینا حرام کردوں گا۔ ن لیگ کا وطیرہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کو اپنا دشمن اور انڈین کو دوست مانا ہے۔ مودی بغیر ویزے ان کے گھر آتا رہا، انڈیا میں ان کے کاروبار اور دوستیاں ہیں۔

جو آپ کو سوشل میڈیا پر پلان دکھائے جارہے ہیں میرا ایک ہی بیان ہے کہ ہمارا پلان ایک ہفتے پہلے ڈسکلوز ہوگا تب تک جس نے جو بولنا ہے بولتا رہے جو کہانیاں بنانی ہیں بنائیں آپ لوگوں نے distract نہیں ہونا ایک ہفتہ پہلے آپ کو مکمل پلان بتا دیا جائے گا پنجاب کی عوام آپ کا انتظار کررہی ہے آپ چند سو نہیں تیرہ کروڑ ہیں آپ پچیس کروڑ عوام کی تقدیر بدلنے جارہے ہیں آپ نے تھوڑی سی ہمت کرنی ہے۔ ستائیس ستمبر کو لوگ اتنی تعداد میں نکلیں گے کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے ۔جیلوں سے نہ ڈریں ہم میں سے کوئی بھی ڈاکٹر یاسمین راشد سے قیمتی نہیں ہے وہ سب سے قیمتی ہیں بزرگ خاتون کینسر کی مریضہ ہیں اگر وہ جیل کاٹ رہی ہیں تو ہم جیل چلے جائینگے تو کوئی بڑی بات نہیں ہے۔