یوم دفاع تقریری مقابلہ، بچوں نے فنِ خطابت سے حاضرین کے دل جیت لیے

منگل 22 ستمبر 2026 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2026ء) کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیر اہتمام پاکستان سویٹ ہوم اور راولپنڈی بار کے اراکین کے بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موضوع پر تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں راولپنڈی بار کے عہدیداران و ممبران کے بچوں اور پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریری مقابلے میں بچوں نے اپنی خطابت، خوش بیانی اور علمی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اعلیٰ معیار کے فنِ خطابت سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ بچوں نے نہ صرف مؤثر انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا بلکہ اپنی خوش بیانی اور علمی استعداد سے بھی حاضرین کو متاثر کیا۔

(جاری ہے)

صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سعید یوسف خان نے کہا کہ اس نوعیت کی مثبت سرگرمیاں بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں خود اعتمادی اور علمی ذوق کو بھی فروغ دیتی ہیں۔سیکریٹری جنرل ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی قاسم محمود ملک نے مقابلے میں شریک بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مناسب مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی، پاکستان سویٹ ہوم کے تعاون سے بچوں کیلئے صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کے مزید مواقع فراہم کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر تقریری مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔