خیبرپختونخوا میں غیراعلانیہ گورنر راج ہے.بیرسٹرگوہر

ہم پرامن ہیں اور اپنے حقوق کے لیے نکل رہے ہیں، ہم انصاف کی آواز اٹھا رہے ہیں. چیئرمین پی ٹی آئی کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 ستمبر 2026 19:35

خیبرپختونخوا میں غیراعلانیہ گورنر راج ہے.بیرسٹرگوہر
اسلام آباد(اردوپوا ئنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 ستمبر ۔2026 ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں غیراعلانیہ گورنر راج ہے، ایسا بالکل نہیں ہونا چاہیے صوبے کے عوام ، مینڈیٹ، وزیراعلیٰ اور ارکان اسمبلی کا احترام ہونا چاہیے. پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکا کہنا تھا کہ پارٹی نے اپنا پروگرام بہت پہلے اعلان کیا ہوا ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں، جہاں تک اعتمادکا تعلق ہے، سہیل آفریدی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، عمران خان کو سہیل آفریدی پر اعتماد ہے، وہی وزیراعلیٰ رہیں گے، سہیل آفریدی کو سب کی حمایت حاصل ہے ، یہ بانی چیئرمین کی ہدایات ہیں.

(جاری ہے)

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ اتنے سنجیدہ حالات میں جب لانگ مارچ ہونے جا رہا ہو تو بات چیت ضرورہونی چاہیے، لانگ مارچ میں آنے والے سیاسی لوگوں کے خلاف نیٹ لانچر استعمال کرنے کا وقت نہیں، سیاسی لوگوں پر نیٹ لانچر استعمال نہیں کیے جاتے، ان کی بات سنی جاتی ہے اور شکایات حل کی جاتی ہیں، ہم کہہ رہے ہیں ہماری بات سنی جائے، ہم پرامن ہیں اور اپنے حقوق کے لیے نکل رہے ہیں، ہم انصاف کی آواز اٹھا رہے ہیں،بارہا کہا ہمیں سنا نہیں گیا اور انصاف نہیں ملا.

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے متعلق پی ٹی آئی کی کوئی چار رکنی کمیٹی نہیں بنائی، مذاکرات کے لیے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود اچکزئی جیسا چاہیں کریں ، ہم پرامن تھے، پرامن ہیں اور پرامن رہیں گے ، اداروں یا اسلام آباد پر حملہ نہیں کریں گے، حکومت کو اس بیانیے اور تاثر کا بندوبست کرنا ہوگا، اگرحکومت ایسا تاثرپیدا کرئے گی تو بڑی تعداد رکھنے والی سیاسی جماعت کو سیاسی میدان سے نکال دیا جائے گا،سیاسی جماعتوں کو سیاسی میدان سے نکالنے کے بڑے خطرناک نتائج ہوتے ہیں.