چین،پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع و شہدا کی پروقار تقریب، شہدائے وطن کو خراج عقیدت

لله*چین کے اعلیٰ سول و فوجی حکام، سفارت کاروں اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں کی تقریب میں بھرپور شرکت % پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ذمہ داری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ، دفاعی اتاشی کا خطاب

بدھ 30 ستمبر 2026 18:02

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2026ء) چین میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں چین کے اعلیٰ سول و فوجی حکام، سفارت کاروں اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

پیپلز لبریشن آرمی کے سینئر عہدیدار لو ہوئی چی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی تعاون اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط کو بھی اجاگر کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے میں تعینات دفاعی اتاشی نے ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور خدمات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ذمہ داری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔پاکستانی سفارتخانے میں تعینات قائم مقام ناظم الامور اعزاز خان نے شہدائے پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔تقریب کے شرکا نے شہدائے وطن کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی خودمختاری کے لیے مسلح افواج کی خدمات کو سراہا۔