ایف بی آر کا مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

ضرورت پڑنے پر کاروباری مقام سیل کرنے کے لیے پولیس کی مدد بھی حاصل کی جاسکے گی. نوٹیفکیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 30 ستمبر 2026 18:55

ایف بی آر کا مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز کے خلاف ..
اسلام آباد(اردوپوا ئنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 ستمبر ۔2026 ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا، ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں اہم ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے. نئے قواعد کے تحت متعلقہ کاروباری مراکز کے لیے پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم نصب کرنا اور اسے ایف بی آر کے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کرنا لازم ہوگا، سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروبار کارروائی کی زد میں آئیں گے.

(جاری ہے)

ایف بی آر کے مطابق ضرورت پڑنے پر کاروباری مقام سیل کرنے کے لیے پولیس کی مدد بھی حاصل کی جاسکے گی، کاروبار سیل کرنے کے طریقہ کار کو بھی نوٹیفکیشن میں واضح کردیا گیا ہے قواعد کے مطابق سسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو دے گا، جس کی بنیاد پر کارروائی شروع کی جاسکے گی، کمشنر انکوائری کے بعد رپورٹ چیف کمشنر کو بھجوائے گا، جو کاروباری مقام سیل کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے تحریری حکم جاری کرے گا.

نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مقام مکمل طور پر یا اس کے کسی مخصوص حصے کو سیل کیا جاسکے گا، تاہم سیل کرنے سے قبل کاروباری شخص کو حکم کی کاپی فراہم کرنا لازم ہوگا ایف بی آر کے مطابق کاروباری مقام اس وقت تک سیل رہے گا جب تک مانیٹرنگ سسٹم ایف بی آر کے نظام سے منسلک نہیں ہوجاتا، سیل شدہ کاروبار کھلوانے کے لیے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا. مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم موجود ہوگی، جبکہ سسٹم نصب اور ایف بی آر سے منسلک ہونے کے بعد کمشنر تین روز کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا ایف بی آر کے مطابق الیکٹرانک مانیٹرنگ سے متعلق یہ قواعد مستقبل میں مزید کاروباری مراکز اور مینوفیکچررز پر بھی لاگو کیے جاسکتے ہیں.