پاکستان میں انشورنس پینیٹریشن جی ڈی پی کا صرف 0.7فیصد ،فی کس انشورنس اخراجات صرف 12امریکی ڈالر ہیں،سی سی پی

بدھ 30 ستمبر 2026 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں انشورنس پینیٹریشن جی ڈی پی کا صرف 0.7فیصد ہے جبکہ فی کس انشورنس اخراجات صرف 12امریکی ڈالر ہیں۔چیئرمین سی سی پی فرید احمد نے کہا کہ پاکستان میں انشورنس کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، موثر کمپٹیشن سے انشورنس سیکٹر میں جدت، بہتر خدمات اور صارفین کو زیادہ انتخاب مل سکتا ہے۔

سی سی پی کے مطابق پاکستان میں 44انشورنس کمپنیاں کام کر رہی ہیں، جن میں 36روایتی انشورنس کمپنیاں، 7تکافل آپریٹرز اور ایک ری انشورنس کمپنی شامل ہے۔پاکستان میں انشورنس پالیسیوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ 4 لاکھ ہے۔سی سی پی کے مطابق مارکیٹ کا ارتکاز اور نئی کمپنیوں کے داخلے میں رکاوٹیں انشورنس سیکٹر کے اہم مسابقتی چیلنجز ہیں، جبکہ بینک اشورنس میں ارتکاز، کم عوامی آگاہی اور معلومات کا عدم توازن بھی اہم چیلنجز قرار دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سی سی پی اجلاس میں کہا گیا کہ کلیمز کے تنازعات اور ادائیگی میں تاخیر صارفین کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے، لازمی انشورنس کے موثر نفاذ سے انشورنس مارکیٹ کو وسعت دی جا سکتی ہے۔اجلاس میں زرعی انشورنس کا دائرہ وسیع کرنے اور رسک بیسڈ سالوینسی فریم ورک اپنانے پر زور دیا گیا، جبکہ انشورنس بل 2026 پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔