پاکستان میں 8 ماہ کے دوران 18.66 ملین موبائل ہینڈ سیٹس اسمبل کیے

جمعرات 1 اکتوبر 2026 14:01

پاکستان میں 8 ماہ کے دوران 18.66 ملین موبائل ہینڈ سیٹس اسمبل کیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2026ء) مقامی اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2026ء کے پہلے 8ماہ کے دوران 18.66ملین موبائل ہینڈ سیٹس اسمبل کیے جبکہ اسی عرصے میں کمرشل بنیادوں پر صرف 2.74ملین فونز درآمد کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اگست 2026ء کے دوران ایک لاکھ 34ہزار 501فائیو جی موبائل ہینڈ سیٹس اسمبل کیے گئے جبکہ 2025ء میں یہ تعداد 5لاکھ 53ہزار 79تھی۔

مقامی مینوفیکچرنگ /اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2025جنوری تا دسمبر کے دوران 30.21ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیار /اسمبل کیے تھے جبکہ کمرشل درآمدات 2.37ملین رہی تھیں۔2026ء کے 8ماہ میں تیار ہونے والے 18.66ملین موبائل فونز میں 8ملین اسمارٹ فونز اور 11ملین ٹو جی فونز شامل ہیں۔اس کے علاوہ پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے نیٹ ورک پر 71فیصد موبائل ڈیوائسز اسمارٹ فونز ہیں اور 29فیصد ٹو جی فونز ہیں۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال کے پہلے 2ماہ جولائی تا اگست کے دوران پاکستان کی موبائل فون درآمدات میں 8.85فیصد کمی ہوئی جو 300.741ملین ڈالر سے کم ہو کر 274.129ملین ڈالر رہ گئی۔روپے کے لحاظ سے جولائی تا اگست 2026ء کے دوران موبائل فون کی درآمدات میں 10.53 فیصد کمی ہوئی اور یہ 85.245ارب روپے سے کم ہو کر 76.267ارب روپے ہو گئی۔سالانہ بنیاد پر بھی اگست 2026ء میں موبائل فون کی درآمدات میں 13.82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو اگست 2025ء میں 155.129ملین ڈالر سے کم ہو کر 133.695ملین ڈالر رہ گئی۔

ماہانہ بنیاد پر اگست 2026ء میں موبائل فونز کی درآمدات جولائی 2026ء کے 140.434ملین ڈالر کے مقابلے میں 4.80فیصد کم ہوئیں۔اس کے برعکس اس عرصے کے دوران ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی مانگ نسبتاً مضبوط رہی جولائی تا اگست 2026ء کے دوران ٹیلی کام آلات کی درآمدات 8.95فیصد اضافے سے 395.536ملین ڈالر سے بڑھ کر 432.044 ملین ڈالر ہو گئیں۔روپے کے لحاظ سے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 6.95فیصد اضافے سے 112.398ارب روپے سے بڑھ کر 120.211ارب روپے ہو گئیں۔

ٹیلی کام آلات کی درآمدات میں یہ اضافہ ملک میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر میں جاری سرمایہ کاری، نیٹ ورک کی توسیع اور نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے آغاز کی تیاریوں کے باعث ہوا۔تاہم سالانہ بنیاد پر اگست 2026ء میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 3.42فیصد کم ہو کر 204.263 ملین ڈالر سے 197.269ملین ڈالر رہ گئیں۔ماہانہ بنیاد پر اگست 2026ء میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات جولائی 2026ء کے 234.775ملین ڈالر کے مقابلے میں 15.98فیصد کم ہوئیں۔