ویمن ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز 2026، بنگلہ دیش انڈر 19 نے پاکستان کو 13 رنز سے ہرا دیا

منگل 6 اکتوبر 2026 17:05

ویمن ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز 2026، بنگلہ دیش انڈر 19 نے پاکستان کو  13 رنز ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2026ء) ویمن ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز 2026، بنگلہ دیش انڈر 19 نے پاکستان انڈر 19 کو 13 رنز سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کی باؤلر فرزانہ کوپلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ویمن ٹرائی نیشن سیریز 2026 کے اہم میچ میں بنگلہ دیش ویمن انڈر 19 نے پاکستان ویمن انڈر 19 کو 13 رنز سے ہرا دیا۔

اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سعدیہ اختر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، سعدیہ اسلام 24، فرزانہ یاسمین میدھا 28 اور ماہم 17 رنز بنا سکیں۔ ٹیم کو 14 اضافی رنز کا فائدہ بھی ملا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے روزینہ اکرم نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، ماہم نزاکت نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کے 140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن انڈر 19 کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 126 رنز ہی بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے کومل خان نے 29 گیندوں پر 36 رنز، روایل فرحان نے 29 گیندوں پر 32 رنز اور ذوالفشان ایاز نے 30 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن دیگر بیٹرز بڑا سکور نہ کر سکیں۔بنگلہ دیش کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ فرزانہ نے 4 اوورز میں صرف 25 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نشیتا اختر نشی نے 28 رنز دے کر 2 وکٹیں اپنے نام کیں ۔