سکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر عثمان طارق نے ایک مبہم پوسٹ کے ذریعے خاموشی توڑ دی

"دانشمندی کا سب سے مشکل حصہ خاموش رہنا سیکھنا ہے، جب آپ کی انا بولنا چاہتی ہو" : مسٹری سپنر کی انسٹاگرام سٹوری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 6 اکتوبر 2026 16:15

سکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر عثمان طارق نے ایک مبہم پوسٹ کے ذریعے خاموشی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اکتوبر 2026ء ) پاکستان کی حالیہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ مہم کے دوران شاندار کارکردگی کے باوجود عثمان طارق کو نظر انداز کر دیا گیا تھا ، سکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر عثمان طارق نے ایک مبہم پوسٹ کے ذریعے خاموشی توڑ دی۔ 
پاکستانی سپنر عثمان طارق نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک گہرا اور معنی خیز پیغام شیئر کیا ہے۔

 
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ "دانشمندی کا سب سے مشکل حصہ خاموش رہنا سیکھنا ہے، جب آپ کی انا بولنا چاہتی ہو"۔
سکرین شاٹ
سکرین شاٹ
 
کرکٹ حلقوں اور سوشل میڈیا پر ان کے اس بیان کو سلیکٹرز کے فیصلے پر ایک خاموش مگر گہرا ردِ عمل قرار دیا جا رہا ہے جہاں انہوں نے کسی بھی قسم کے تنازع کا حصہ بننے کے بجائے فی الحال خاموشی اختیار کرنے کو ترجیح دی ہے۔

(جاری ہے)

 
رائٹ آرم سپنر نے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026ء میں پاکستان کی مہم کے دوران فوری اثر ڈالا اور پورے ٹورنامنٹ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ 
وہ اپنے پہلے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے، انہوں نے 6 میچوں میں 14.10 کی اوسط اور 7.23 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 10 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں 13ویں نمبر پر رہے۔ 
تاہم عثمان طارق کو آئندہ ہوم سیریز (ملک میں ہونے والے مقابلوں) کے لیے پاکستان کے کسی بھی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔