کون کرے گا دنیائے فٹبال پرراج: فیصلہ آج ہوگا ،فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں تین بارکی چیمپئن جرمنی ارجنٹائن سے ٹکرائے گی،ریو ڈی جنیرو میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات ،26ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات ،فاتح اور رنر اپ کیلئے انعامات کی بارش ہوگی ، ہارنے والی ٹیمیں بھی مستفید ہونگی ، گولڈن بوٹ اور گولڈن بال کے کیلئے کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا ، شکیرا اختتامی تقریب میں پرفارم کرینگی ، متعدد ملکوں کے صدور کی شرکت متوقع

اتوار 13 جولائی 2014 07:22

ریو( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جولائی۔2014ء )فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں تین بارکی چیمپئن جرمنی،،ارجنٹائن سے ٹکرائے گی،ریو ڈی جنیرو میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات ،26ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات فاتح اور رنر اپ کیلئے انعامات کی بارش ہوگی ، ہارنے والی ٹیمیں بھی مستفید ہونگی ، گولڈن بوٹ اور گولڈن بال کے کیلئے کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا ، شکیرا اختتامی تقریب میں پرفارم کرینگی ، متعدد ملکوں کے صدور کی شرکت متوقع ۔

کون کرے گا دنیائے فٹبال پرراج۔ فیصلہ ہوگا جرمنی ارجنٹائن فائنل معرکے کے بعد۔تین بارکی عالمی چیمپئن جرمن ٹیم ریوڈی جنیرو میں ارجنٹائن سے ٹکرائے گی۔میگا ایونٹ کا میگا فائنل آج رات بارہ بجے شیڈول ہے۔ جیتنے والی ٹیم چیمپئن کا تاج سرپر سجائے گی اورآئندہ چار سال تک دنیائے فٹبال پر حکمرانی کریگی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیمیں تیسری بار ایک دوسرے کو دھول چٹانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔

انیس سو چھیاسی کے عالمی کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کامیاب رہا تھا جبکہ انیس سو نوے میں جرمنی نے حساب برابر کردیا تھا۔فائنل کے موقع پر 26 ہزار پولیس اورفوجی اہلکار سیکیورٹی خدمات پر مامور ہوں گے۔فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے تقریباً 77 ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے، دوسری جانب جرمن پلیئر بینیڈکٹ ہوویڈس نے برازیلین شائقین سے فائنل میں اپنی ٹیم کی حمایت کیے جانے کی اپیل کردی۔

اتنی بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ ریو میں گذشتہ دن مرکزی برازیلین حکومت اور فیفا کے درمیان ہونیو الے اجلاس میں ہوا، اس بات کا اعلان برازیلین جسٹس منسٹر جوز ایڈورڈو کارڈوزو نے کیا، فیصلہ کن معرکے کودیکھنے کیلیے ہمسایہ ارجنٹائن سے بڑی تعداد میں شائقین فٹبال کی برازیل آمد متوقع ہے۔مجموعی طور پر فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے تقریباً 77 ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے۔

میگا ایونٹ کے اختتام پر گولڈن بوٹ اور گولڈن بال کے لئے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان بھی کیاجائے گا اور فائنلسٹ اور رنر اپ ٹیمو ں پر انعامات کی بارش ہوگی جبکہ ہارنے والی ٹیموں کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا ایونٹ کے اختتامی لمحات کو یادگار بنانے کیلئے گلوکارہ شکیرا اپنے فن سے تقریب کی رونق کو دوبالا کرینگی ۔ اختتامی تقریب میں متعدد ممالک کے صدور کی آمد متوقع ہے