وزیراعلی پنجاب کا اچانک گوجرانوالہ میں پیپلز کالونی اور شاہین آباد کے رمضان بازاروں کا معائنہ ، اپنے متعلقہ علاقوں میں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خاتمہ کے لئے فوری اور سخت اقدامات کئے جائیں، ہر ضلع کی انتظامیہ کو ہدایت

اتوار 13 جولائی 2014 07:26

گوجرانوالہ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جولائی۔2014ء ) وزیراعلی پنجاب محمدشہباز شریف نے ہفتہ کو اچانک گوجرانوالہ میں پیپلز کالونی اور شاہین آباد کے رمضان بازاروں کا معائنہ کیا۔وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان‘ ڈی سی او گوجرانوالہ عظمت محمود‘ محمد نواز چوہان ایم پی اے‘ اے ڈی سی صالحہ سعید اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

زیراعلی نے کہا کہ صوبہ بھر کے صارفین کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش ‘ روزمرہ ضرورت کی کچن آئٹمز فراہم کرنے کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی پر مشتمل رمضان پیکیج دیاہے جس سے پنجاب کے اضلاع اور تحصیلوں کے عوام پوری طرح مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان بازاروں میں صارفین کو ارزاں نرخوں پر خریداری کی بھرپور سہولتیں فراہم کررہی ہے ‘ ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کے لئے انتظامیہ کو متحرک کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کی انتظامیہ کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خاتمہ کے لئے فوری اور سخت اقدامات کئے جائیں تاکہ صارفین کو پریشان کرنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹاجاسکے۔

وزیراعلی نے کہا کہ حکومت نے عوام دوست پالیسی کے تحت چینی ‘ آٹا‘ گھی اور دیگر ضروری اشیاء پر سبسڈی دے کر عوام کا دل جیت لیاہے۔

دونوں رمضان بازاروں کے اچانک معائنہ کے دوران انہوں نے ہر چیز کا معیار اور نرخ معلوم کئے جبکہ آٹا کے بیگ کا وزن اور اس میں نمی کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر ناقص آٹا فراہم کرنے والی مظفر فلور ملز کو سیل کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔ جبکہ رمضان بازاروں میں چینی ایک کلو سے بڑھا کر دو کلو فی کس دینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے دونوں بازار انتہائی تسلی بخش ہیں ان کا معیار بہتر ہے اور ڈی سی او نے بہت اچھے انتظامات کئے ہیں۔ اس طرح حکومت کی براہ راست نگرانی کے تحت کروڑوں صارفین کو خریداری کی بے پناہ سہولتیں دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :