قطر شام اور عراق میں آئی ایس آئی ایس کی مالی مدد کررہا ہے،جرمن وزیر کا الزام

جمعرات 21 اگست 2014 09:19

برلن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اگست۔2014ء)جرمنی کے ترقیاتی امداد بارے وزیر گیرڈ مولر نے بدھ کے روز قطر پر عراق اور شام میں سرگرم جہادی گروپ اسلامک سٹیٹ(آئی ایس) کی مالی مدد کا الزام عائد کیا ہے۔سرکاری نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ اسطرح کی کہانی کی ہمیشہ ایک تاریخ ہے،ان فورسز کو کون مالی مدد فراہم کر رہا ہے،اس کا اشارہ قطر ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر اور وزیراقتصادیات سگمار جبریل نے رواں ہفتے آئی ایس کی مالی معاونت کون کر رہا ہے اس بارے ایک مباحثہ کرانے پر زور دیا تھا تاہم کسی ملک کا نام نہیں لیا تھا۔جرمنی آنے والے دنوں میں متوقع طور پر فیصلہ کرے گا کہ آیا جہادیوں کے خلاف برسرپیکار عراقی کردجنگجوؤں کو غیر مہلک فوجی امداد فراہم کی جائے یا ممکنہ طور پر ہتھیار دئیے جائیں۔جرمنی کیلئے یہ ایک متنازعہ معاملہ ہے جس کی دو عالمی جنگوں میں جارحیت کی ایک تاریخ ہے،وہ ہمیشہ سے بیرونی تنازعات میں فوجیں بھیجنے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتا رہا ہے اور اس کے پاس جنگی زونز میں ہتھیار نہ بھیجنے سے متعلق قوانین ہیں۔